عدالت نے ٹک ٹاکر کو چوری اور قتل کے جرم میں سزائے موت سنا دی

جمعرات 30 نومبر 2023 18:13

عدالت نے ٹک ٹاکر کو چوری اور قتل کے جرم میں سزائے موت سنا دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2023ء) ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا کی عدالت سے ٹک ٹاکر کو چوری، قتل کے جرم میں سزائے موت سنا دی گئی۔ جج نے ٹک ٹاکر عالیان کو سزائے موت کا حکم دیا ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے اپنے فیصلہ میں کہا ہے کہ گزشتہ سال مئی میں ٹک ٹاکر محمد نیاز عرف عالیان نے مدعی مقدمہ کے بیٹے کو قتل کیا تھا۔

مجرم عالیان نے 28 سالہ خرم اکبر سے گاڑی چھینی اور اسے قتل کر کے فرار ہو گیا۔ مقتول خرم اکبر رات گئے گوجرانوالہ سے اسلام آباد کی طرف آ رہا تھا، مجرم نے جائے وقوعہ کی خود نشاندہی کی۔ مجرم عالیان سے تیس بور پستول بھی برآمد ہو چکا ہے۔ مجرم نے آلہ قتل کو جائے وقوعہ کے قریب جھاڑیوں میں پھینک دیا تھا۔ جج طاہر عباس سپرا نے مزید کہا کہ مجرم عالیان کے مطابق قتل کی خبر ملنے پر پشاور میں موجود تھا لیکن بیان کا کوئی گواہ نہیں تاہم مجرم کے استعمال میں تیس بور پستول کا فارینزک میچ ہوا، مجرم عالیان کی گواہان نے شناخت بھی کی، قتل جان بوجھ کر کیا گیا۔

(جاری ہے)

جج طاہر عباس سپرا نے کہا کہ ثبوتوں، گواہان کی روشنی میں مجرم عالیان قتل اور چوری کا مرتکب ہوا۔ مجرم عالیان کو سزائے موت، پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی جاتی ہے جبکہ چوری کے جرم میں مجرم عالیان کو 7 سال قید، تیس ہزار روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی جاتی ہے۔ واضح رہے کہ مئی 2022 میں مجرم عالیان کے خلاف تھانہ گولڑہ میں قتل، چوری کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
وقت اشاعت : 30/11/2023 - 18:13:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :