فلم او ٹیلی ویژن کے عظیم اداکارقوی خان کو اپنے مداحوں سے بچھڑے ایک برس بیت گی

پیر 4 مارچ 2024 22:09

فلم او ٹیلی ویژن کے عظیم اداکارقوی خان کو اپنے مداحوں سے بچھڑے ایک برس بیت گی
جہانیاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 مارچ2024ء) فلم اور ٹیلی ویژن کے عظیم اداکار قوی خان کو اپنے مداحوں سے بچھڑے ایک برس بیت گیاان کی پہلی برسی5مارچ منگل کو منائی جائے گی ۔قوی خان 13 نومبر 1932 کو پشاور میں پیدا ہوئے پاکستان ٹیلی ویژن نے 1964ء میں جب لاہور سے اپنی پہلی نشریات کا آغاز کیا تو وہ پی ٹی وی سے منسلک ہو گئے اور پی ٹی وی کے پہلے ڈرامے‘نذرانہ‘ میں کام کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔

قوی خان نے میں ڈرامہ سیریل اندھیرا اجالا سے نام کمایا اورایماندار پولیس آفیسر ڈی ایس پی طاہر کی حیثیت سے اداکاری کے بہترین جوہر دکھائے۔ قوی خان نے 200 سے ذائد فلموں اور لاتعداد ٹی وی ڈراموں میں کام کیا ہے۔ان کے مشہور ٹی وی ڈراموں میں اندھیرا اجالا، دو قدم دور تھے، لاہوری گیٹ، مٹھی بھر مٹی، من چلے کا سودا، میرے قاتل، میرے دلدار، پھر چاند پہ دستک، در شاہوار، زندگی دھوپ تم گھنا سایہ، صدقے تمہارے، تم کون پیا، سہلیاں، نظر بد اور الف اللہ اور انسان شامل ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ ان کی چند شہر ہ آفاق فلموں میں محبت زندگی ہے، سوسائٹی گرل، چن سورج، سرفروش، کالے چور، زمین آسمان، رانگ نمبر، مہر النساء اور پری شامل ہیں۔اداکار قوی خان پاکستان ٹیلی ویژن کے پہلے اداکار تھے جنہیں 1980ء میں پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا،محمد قوی خان نے ستارہ امتیاز، تین نگار ایوارڈز، پی ٹی وی ایوارڈ اورریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی وژن کے لائف اچیومنٹ ایوارڈ بھی حاصل کیے جبکہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں اپنی فنی خدمات کے نتیجے میں اعتراف کمال ایوارڈ بھی حاصل کیا۔قوی خان5مارچ2023 ء کو جہان فانی سے رخصت ہو گئے۔
وقت اشاعت : 04/03/2024 - 22:09:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :