بھارت میں لوگوں پر پاکستانی شوز کے مثبت اثرات پر خوشی ہوتی ہے ، صنم سعید

منگل 15 جولائی 2014 17:53

کراچی(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 15جولائی 2014ء) پاکستانی ماڈل و اداکار صنم سعید نے ہندوستان میں لوگوں پر پاکستانی شوز کے مثبت اثرات پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ٹائمز آف انڈیا کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں صنم سعید نے کہا کہ وہ اس بات کو سمجھنے سے قاصر ہیں کہ آخر کیوں پاکستان اور ہندوستان مختلف اقوام سمجھے جاتے ہیں، حالانکہ دونوں میں بہت زیادہ مماثلت موجود ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ دونوں ایک ہی ہیں۔

انتیس سالہ اداکار ہندوستان میں اپنے ڈرامے 'زندگی گلزار ہے' کی کامیابی پر کافی خوش نظر آئیں جس میں انھوں نے لوئر مڈل کلاس لڑکی کا کردار ادا کیا تھا۔صنم کا کہنا تھا کہ ہندوستان اپنی کہانیاں سنانے کیلئے بولی وڈ کو استعمال کرتا ہے وہ دنیا میں بڑی فلمیں بنانے والی صنعتوں میں سے ایک ہے اور یہ لوگ فلموں کے ذریعے سیاست، محبت اور ڈرامہ دکھانے کے ماہر ہیں جبکہ پاکستان میں ہمارا میڈیم چھوٹی سکرین ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ہم زیادہ فلمیں نہیں بناتے جبکہ تھیٹر بھی نہ ہونے کے برابر ہے، یہی وجہ ہے کہ بیشتر افراد کے لیے تفریح کا واحد ذریعہ گھر میں بیٹھ کر ٹی وی دیکھنا ہے۔برطانیہ میں پیدا ہونے والی صنم سعید چھ سال کی عمر میں کراچی منتقل ہوئی تھیں، ان کا کہنا ہے کہ وہ ایسے کردار منتخب کرتی ہیں جن سے خواتین کی جدوجہد کا اظہار ہوتا ہو۔صنم نے مزید کہا کہ وہ ایسے شوز کرنے کی کوشش کرتی ہیں جو اخلاقی طور پر لوگوں کو متاثر کریں اور وہ نوجوان لڑکیوں کے لیے رول ماڈل بن کر عوام کے تصور کو تبدیل کر سکیں۔

وقت اشاعت : 15/07/2014 - 17:53:03

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :