اداکار آغا طالش کی 24ویں برسی 19فروری کو منائی جائیگی

ہفتہ 12 فروری 2022 11:38

اداکار آغا طالش کی 24ویں برسی 19فروری کو منائی جائیگی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2022ء) پاکستانی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار آغا طالش کی 24 ویں برسی 19 فروری کو منائی جائیگی، آغا طالش نے 400 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔معروف اداکار آغا طالش کا اصل نام آغا علی عباس قزلباش تھا وہ 1924 میں لدھیانہ میں پیدا ہوئے، آغا طالش کے والد محکمہ پولیس میں ملازمت کرتے تھے تو ان کا مختلف شہروں میں تبادلہ ہوتا رہتا تھا، وہ ابھی کم سن تھے کہ ان کے والد کا تبادلہ متھرا میں ہوگیا، متھرا میں آغا طالش نے اپنی حصول تعلیم کے سلسلے کا آغاز کیا اور متھرا میں ہی اپنی تعلیم مکمل کی۔

قیام پاکستان کے بعد وہ لاہور منتقل ہو گئے جہاں کی فلم انڈسٹری میں انہوں نے طالش کے نام سے شہرت پائی۔آغا طالش کا فنی سفر 1947 میں کرشن چندر کی فلم’’سرائے کے باہر‘‘سے شروع ہوا، پاکستان میں پہلا کردار 1950 میں فلم ’’نت‘‘میں کیا، انہوں نے چار سو سے زائد اردو، پنجابی اور دیگر زبانوں میں بننے والی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ،ان کی یادگار فلموں میں شہید، فرنگی، زرقا، یہ امن اور وطن، عجب خان، زخمی عورت، دہلیز بندش، محمد بن قاسم، میں بنی دلہن اور دیگر قابل ذکر ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے ڈراموںمیں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے جن میں قرب، ضرورت، زندگی ہیں، ان کے صاحبزادے احسن آغا طالش پی ٹی وی ڈراموں کا نامور ہدایت کار ہے۔وہ 19 فروری 1998 کو اس جہان فانی سے رخصت ہو گئے ۔

وقت اشاعت : 12/02/2022 - 11:38:59

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :