شلپا شیٹی کے شوہر کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج

جمعہ 20 مئی 2022 19:45

شلپا شیٹی کے شوہر کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2022ء) بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا کے خلاف بھارتی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے فحش فلموں کی تیاری اور فروخت کے حوالے سے منی لانڈرنگ کا کیس رجسٹر کرلیا ہے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا کہ راج کندرا نے ایک کمپنی آرمز پرائم میڈیا لمیٹڈ فروری 2019 میں قائم کی تھی اور اس کے تحت ایک ایپ ’’ ہاٹ شاٹس‘‘ تیار کی ۔

اس ایپ کو بعد میں ایک برطانوی کمپنی کینرین کو فروخت کردیا گیا اور یہ کمپنی درحقیقت راج کندرا کے برادر نسبتی کی تھی۔ذرائع نے بتایا کہ راج کندرا کی کمپنی ویان انڈسٹریز کا تعلق کینرین سے تھا اور ویان کے 13 بینک اکائونٹس سے کروڑوں روپوں کی ٹرانزیکشن کی گئی۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا تھا کہ ہاٹ شاٹس ایپ بنیادی طور پر فحش فلموں کا پلیٹ فارم تھی ، ان فلموں کو بھارت میں تیار کرکے ایپ میں اپ لوڈ کرکے سبسکرائپشن کی پیشکش کی جاتی۔

اس سروس کو استعمال کرنے والے افراد سے حاصل ہونے والی آمدنی کو راج کندرا کی کمپنی ویان انڈسٹریز میں منتقل کیا جاتا تھا۔انہوں نے بتایا کہ فحش فلموں کی یہ آمدنی برطانیہ کے راستے راج کندرا کی کمپنی کے اکائونٹس میں منتقل ہوتی تھی جو منی لانڈرنگ کے زمرے میں آتا ہے۔واضح رہے کہ راج کندرا کو 19 جولائی 2021 کو دیگر 11 افراد کے ساتھ فحش فلموں کی تیاری کے الزام کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔
وقت اشاعت : 20/05/2022 - 19:45:01

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :