ہارون شاہد اور یاسر نواز نے فٹ رہنے کا فارمولا بتادیا

وزن کم کرنے کا صرف ایک ہی طریقہ ہے تھوڑا کھائیں ،ایک وقت میں پیٹ مکمل طور پر نہ بھرا جائے،ہارون شاہد

منگل 6 دسمبر 2022 19:04

ہارون شاہد اور یاسر نواز نے فٹ رہنے کا فارمولا بتادیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2022ء) پاکستانی فلم و ٹی وی انڈسٹری کی معروف شخصیات، اداکار ہارون شاہد اور اداکار، ہدایتکار و پروڈیوسر یاسر نواز نے وزن کم کرنے سے متعلق چند مفید ٹپس مداحوں کے ساتھ شیئر کی ہیں۔گزشتہ ہفتے دونوں فنکاروں نے ایک نجی ٹی وی شو کے مارننگ شو میں بطور مہمان شرکت کی،اس دوران دونوں فنکاروں نے کہا کہ سکرین پر ہمیشہ وزن زیادہ دکھائی دیتا ہے جبکہ اصل فنکاروں کا اتنا وزن ہوتا نہیں ہے، پھر بھی فنکار ٹی وی پر اچھا دکھنے کیلئے وزن میں مزید کمی کی کوشش میں رہتے ہیں۔

ہارون شاہد نے شو کے دوران کہا کہ ان کیساتھ یہ مسئلہ ہے کہ وہ ٹی وی پر بہت موٹے نظر آتے ہیں مگر جب ان کے فین ان سے ملتے ہیں تو وہ بھی یہی کہتے ہیں کہ آپ کافی سمارٹ ہیں اور ٹی وی پر فربہ نظر آتے ہیں اسی لئے وہ اپنا وزن کم کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میری نظر میں وزن کم کرنے کا صرف ایک ہی طریقہ ہے کہ تھوڑا کھائیں اور ایک وقت میں پیٹ مکمل طور پر نہ بھرا جائے۔

دوسری جانب یاسر نواز نے کہا کہ وہ زمانہ طالبِ علمی میں بہت پتلے دبلے ہوا کرتے تھے، ان کے والد اِنہیں پینٹ شرٹ نہیں پہننے دیتے تھے کی وہ اس میں مزید دبلے نظر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایک زمانہ تھا کہ وہ وزن میں اضافے کے لیے ملائی، دودھ جلیبی اور انڈے وغیرہ کھایا کرتے تھے لیکن ان کے وزن میں اصل اضافہ ورزش کرنے سے ہوا۔یاسر نواز نے کہا کہ ورزش کرنے سے ان کا جسم حرکت میں آیا اور بھوک میں بھی اضافہ ہوا جس کے بعد ان کا وزن بڑھنا شروع ہو گیا۔یاسر نواز نے کہاکہ کیوں کہ اب میں اداکاری چھوڑ کر ہدایتکاری میں آ گیا ہوں تو ورزش چھوڑ دی ہے لیکن ایک بار پھر سے ورزش کر کے خود کو فٹ بنانے کی کوشش کررہا ہوں کیوں کہ اب مجھے ٹی وی پر واپس آنا ہے۔
وقت اشاعت : 06/12/2022 - 19:04:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :