صدر مملکت ، وزیراعظم اور وزراء کا ضیا ء محی الدین کی وفات پر اظہار تعزیت

فن ، اداکاری ، پیشکش ، ہدایتکاری کے شعبے میں ضیاء محی الدین ایک بلند پایہ شخصیت تھے، عار ف علوی ،شہبازشریف ، مریم اور نگزیب و دیگر کا بیان

پیر 13 فروری 2023 22:06

صدر مملکت ، وزیراعظم اور وزراء کا ضیا ء محی الدین کی وفات پر اظہار تعزیت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2023ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف اور وزراء نے ضیا ء محی الدین کی وفات پر تعزیت کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ فن ، اداکاری ، پیشکش ، ہدایتکاری کے شعبے میں ضیاء محی الدین ایک بلند پایہ شخصیت تھے۔۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ضیاء محی الدین کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فن ، ادب ، پرفارمنگ آرٹ، فنکاری ، ہدایتکاری کے شعبے میں مرحوم کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

صدر مملکت نے کہاکہ ضیاء محی الدین کی وفات میرے لیے ایک ذاتی نقصان ہے۔ فن ، اداکاری ، پیشکش ، ہدایتکاری کے شعبے میں ضیاء محی الدین ایک بلند پایہ شخصیت تھے۔وہ نثر اور شاعری کے بہترین قاری تھے اور موسیقی کے ساتھ ٹھیکا لگا کر پڑھتے تھے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ فن کے شعبے اور ان کے اہل ِ خانہ کو یہ دکھ صبر کے ساتھ برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے۔

صدر مملکت نے مرحوم کیلئے بلندی درجات کی دعا، فن کے شعبے میں خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔اپنے بیان میں وزیراعظم محمد شہبازشریف نے عالمی شہرت یافتہ معروف ہدایت کار، صدا کار، اداکار، مصنف اور میزبان ضیا محی الدین کے انتقال پر تعزیت کااظہارکیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ضیا محی الدین اپنی ذات میں ایک فن پارہ تھے ان کے مخصوص انداز نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں دھوم مچائی۔

افسوس ہے کہ کئی خوبصورت خوبیوں کا مالک شخص معاشرے سے کوچ کرگیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ ضیا محی الدین نے پاکستان میں ٹیلی ویڑن ہوسٹنگ کو ایک نئی جہت سے روشناس کروایا اور بین الاقوامی سطح پر اداکاری کے ذریعے پاکستان کا نام بیرون ملک روشن کیا ۔ نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کے صدر کے طور پر انہوں نے نئے آنے والے فنکاروں کی تربیت میں اپنا شاندار کردار ادا کیا۔

انہوںنے کہاکہ ضیا محی الدین کی آواز ہمارے ذہن میں گونجتی رہے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان کی صلاحیتوں اور ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبرجمیل دے۔ اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے معروف اداکار، ہدایت کار اور میزبان ضیا محی الدین کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضیامحی الدین ایک ایسی ادبی شخصیت تھے جن کے پڑھنے اور بولنے کے ڈھنگ کو عالمی شہرت نصیب ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ضیامحی الدین نے پاکستان سے باہر جا کر بھی تھیٹر اور فلموں میں کام کر کے پاکستان کا نام روشن کیا۔انہوں نے پاکستان ٹیلی ویڑن سے پائل، چچا چھکن، ضیا کے ساتھ اور جو جانے وہ جیتے جیسے مشہور پروگرام پیش کئے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اپنی خوبصورت آواز میں اردو ادب کے فن پارے پیش کر کے ضیا محی الدین نے خوب نام کمایا۔

مرحوم کی شو بز انڈسٹری کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے ضیا محی الدین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام اور سوگوار لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔وفاقی وزیر و چیئر پرسن بی آئی ایس پی شازیہ مری نے ضیا محی الدین کے انتقال پر گہرے غم و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضیا محی الدین بہترین اداکار اور اعلی پائے کے کمپیئر تھے۔

پیرکو اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ مرحوم علم، ادب، و فن صداکاری اور اداکاری کے حوالہ سے ایک ادارے کا درجہ رکھتے تھے۔ضیا ء محی الدین کی علمی اور فنی خدمات کو مدتوں یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے اللہ تعالی سے مرحوم کے لئے بلندء درجات اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے معروف ہدایت کار، صدا کار اور مصنف ضیاء محی الدین کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ ضیاء محی الدین کے انتقال کا سن کر بہت افسوس ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وسیع ثقافتی رجحانات پر ان کی مہارت بے مثال تھی۔ وفاقی وزیر نے مرحوم کی صلاحیتوں اور ان کی ادبی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کی مغفرت فرمائے۔آمین!
وقت اشاعت : 13/02/2023 - 22:06:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :