مزاحیہ شو کے شرکاء نے اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق توہین آمیز ریمارکس پر معافی مانگ لی

"حال ہی میں ہمارے شو میں ایک مہمان کی طرف سے ایک بہت ہی احمقانہ، گھٹیا اور مضحکہ خیز تبصرہ کیا گیا تھا، اپنی پوری ٹیم کی طرف سے کھلے عام معافی مانگنا چاہتا ہوں"، "میرے آدھے سے زیادہ رشتہ دار بیرون ممالک مقیم ہیں میں کسی کی دل آزاری کا سوچ بھی نہیں سکتی"، "شو میں جو بات ہوئی وہ مجھ سے غلطی ہوئی میں معافی چاہتا ہوں"، اداکار و میزبان واسع چوہدری، ماڈل سارہ نیلم اور کامیڈین قیصر پیا کے پیغامات

muhammad ali محمد علی جمعرات 22 جون 2023 00:27

مزاحیہ شو کے شرکاء نے اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق توہین آمیز ریمارکس پر معافی مانگ لی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جون2023ء) مزاحیہ شو کے شرکاء نے اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق توہین آمیز ریمارکس پر معافی مانگ لی۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل دنیا کے کامیڈی پروگرام "مذاق رات" کے میزبان اور دیگر شرکاء نے اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق متنازعہ بیان پر ہونے والی تنقید کے بعد معذرت کر لی ہے۔ حال ہی میں نشر ہونے والے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کرنے والی ماڈل سارہ نیلم نے اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق کہا تھا کہ "باہر سے لوگ یہاں آتے ہیں کاٹن کا سفید سوٹ پہنا ہوتا ہے اور کہتے ہیں ہم باہر سے آئے ہیں جبکہ وہاں وہ واش روم صاف کرتے ہیں"۔

اس حوالے سے پروگرام کے میزبان واسع چوہدری، کامیڈین قیصر پیا اور بطور مہمان پروگرام میں شرکت کرنے والی ماڈل سارہ نیلم نے سوشل میڈیا پر پیغامات جاری کر کے اوورسیز پاکستانیوں سے معذرت کی ہے۔

(جاری ہے)



میزبان و اداکار واسع چوہدری نے اپنے پیغام میں کہا کہ میں مذاق رات میں اپنی پوری ٹیم کی طرف سے کھلے عام معافی مانگنا چاہتا ہوں، حال ہی میں ہمارے شو میں ایک مہمان کی طرف سے ایک بہت ہی احمقانہ، گھٹیا اور مضحکہ خیز تبصرہ کیا گیا تھا جس کے بعد ایک مزاحیہ اداکار کی طرف سے مذاق کیا گیا تھا۔

واسع چوہدری نے بتایا کہ اس حوالے سے ان کے پروگرام میں بھی باقاعدہ معذرت کی جائے گی تاہم وہ ذاتی حیثیت میں بھی اوورسیز پاکستانیوں سے معذرت کرنا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ غلطیاں اپنوں سے ہی ہوتی ہیں، ہمیں اوورسیز پاکستانیوں سے پیار ہے۔

جبکہ ماڈل سارہ نیلم نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پروگرام میں جتنی باتیں ہوتی ہیں وہ اسکرپٹڈ ہوتی ہیں، پہلے سے ہی بتا دیا جاتا ہے کہ جو باتیں ہوں گی وہ سب مذاق ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے آدھے سے زیادہ رشتہ دار بیرون ممالک مقیم ہیں، میں کسی کی دل آزاری کا سوچ بھی نہیں سکتی۔ سارہ علی نے مزید کہا کہ میں ایک اچھے خاندان کی لڑکی ہوں، میں سب سے معافی مانگتی ہوں، میری غلطی کو معاف کیا جائے۔

کامیڈین قیصر پیا نے بھی ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ شو میں جو بات ہوئی وہ مجھ سے غلطی ہوئی میں معافی چاہتا ہوں۔ میں بہت پریشان ہوں، جو بھی بات ہوئی وہ جان بوجھ کر نہیں کی، جتنے بھی اوورسیز پاکستانیوں کی دل آزاری ہوئی ان سے معافی مانگتا ہوں، میں شو میں بھی جا کر معافی مانگوں گا۔
وقت اشاعت : 22/06/2023 - 00:27:29

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :