گلوکار استاد نصرت فتح علی خان کی سالگرہ کل منائی جائے گی

جمعرات 12 اکتوبر 2023 11:57

گلوکار استاد نصرت فتح علی خان کی سالگرہ  کل  منائی جائے گی
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2023ء) فیصل آبادکے معروف گھرانے سے تعلق رکھنے والے پرائیڈ آف پرفارمنس کے حامل نامور گلوکار استاد نصرت فتح علی خان کی سالگرہ 13اکتوبر بروزجمعہ کومنائی جائے گی جبکہ اس موقع پر آرٹ کونسل سمیت بعض دیگر اداروں کے اشتراک سے خصوصی تقریب کا اہتمام بھی کیا جائیگاجس میں گلو کاروں، اداکاروں، فنکاروں، سٹیج و ٹی وی کے آرٹسٹوں، شعبہ فنون لطیفہ سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افرادشرکت کریں گے۔

استاد نصرت فتح علی خان آڈیٹوریم فیصل آبادمیں اس سلسلہ میں منعقد ہونے والی تقریب میں سالگرہ کا کیک کاٹا جائیگا اور مرحوم کی نادر و نایاب تصاویر کی نمائش بھی کی جائیگی۔ نصرت فتح علی خان لورز فیڈریشن کے ترجمان استاد عبدالرحمن پریمی نے اے پی پی کو بتایاکہ مرحوم نے فن موسیقی میں محنت و ریاضت کے ساتھ نہ صرف اپنے خاندانی وقار کو قائم رکھا بلکہ عالمی سطح پر اپنے فن کے ذریعے وطن عزیز کا نام روشن کیا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ حکومت پاکستان نے مرحوم کی شاندار خدمات کے اعتراف میں فیصل آباد آرٹس کونسل کے آڈیٹوریم کو استاد نصرت فتح علی خان کے نام سے منسو ب کررکھا ہے تاکہ مرحوم کا نام مدتوں یاد رکھا جا سکے۔ استاد نصرت فتح علی خان جو 13اکتوبر 1948 کو پیدا ہو ئے تھے نے جگر و گردوں کے عارضہ سمیت مختلف امراض میں مبتلا ہونے کے باعث صرف 48سال کی عمر میں 16اگست 1997 کو اپنے درجنوں اہلخانہ، سینکڑوں عزیز و اقارب، دوست احباب اور کروڑوں مداحوں کو داغ مفارقت دیدیا۔یاد رہے کہ استاد نصرت فتح علی خان نے دم مست قلندر مست، علی مولا علی، یہ جو ہلکا ہلکا سرور ہے، میرا پیا گھر آیا، اللہ ہو اللہ ہو، کنا سوہنا تینوں رب نے بنایا وغیرہ سمیت بحیثیت قوال 125آڈیو البم ریلیز کئے جو کہ ایک ورلڈ ریکارڈ ہے۔
وقت اشاعت : 12/10/2023 - 11:57:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :