اردو ادب کے منفرد شاعر احمد فراز کا93 واں یوم پیدائش12جنوری کو منایا جائے گا

منگل 9 جنوری 2024 11:44

اردو ادب کے منفرد شاعر احمد فراز کا93 واں یوم پیدائش12جنوری کو منایا جائے گا
ٹھٹھہ صادق آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جنوری2024ء) اردو ادب کے منفرد شاعر احمد فراز کا93 واں یوم پیدائش12جنوری کو منایا جائے گا اس سلسلے میں جہانیاں سمیت ملک بھر کے ادبی حلقوں میںمختلف تقریبات منعقد کی جائیں گی جس میں ان کے مداح سالگرہ کے کیک کاٹیں گے اور ان کی ادبی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ احمد فراز 12جنوری 1931ء کو صوبہ کے پی کے خوبصورت شہر کوہاٹ میں پیدا ہوئے تھے ان کا اصل نام سیدّ احمد شاہ تھا جبکہ احمد فراز ان کا تخلص تھا ان کے مجموعہ کلام میں ’’ تنہا تنہا ،درد آشوب ،نایافت ،بے آواز گلی کوچوں میں،پس انداز موسم،خواب گل پریشاں ہیں جیسی خوبصورت کتب کو بے پناہ پزیرائی حاصل ہوئی۔

ان کے کلام کو نوجوان نسل میں بے پناہ مقبولیت حاصل ہے ان کے خوبصورت کلام کو گا کر بہت سے گلوکاروں نے بے پناہ شہرت حاصل کی مہدی حسن کی آواز میں گایا جانے والا ان کا خوبصورت کلام ’’ اب کے ہم بچھڑے تو شاید کبھی خوابوں میں ملیں ،جس طرح سوکھے ہوئے پھول کتابوں میں ملیں ‘‘ آج بھی زبان زد عام ہے۔

(جاری ہے)

احمد فراز کو آدم جی ادبی ایوارڈ،اباسین ایوارڈ،بھارت کی جانب سے فراق گورکھ پوری ایوارڈ،ٹا ٹا ایوارڈ اور کینڈا کی جانب سے اکیڈمی آف اردو لٹریچر ایوارڈ ،ستارہ امتیاز،ہلال امتیاز،دھنک ایوارڈ، ملینیم ایوارڈ امریکہ،ڈاکٹر اقبال ایوارڈسمیت بہت سے ملکی و غیر ملکی ایوارڈ ز و اعزازات کے ساتھ نوازا جا چکا ہے ان کی خوبصورت شاعری کا موازنہ علامہ اقبال اور فیض احمد فیض کی شاعری کے ساتھ کیا جاتا ہے وہ بلامبالغہ سابقہ صدی کے عظیم شاعر تھے ان کی شاعری کے انگریزی،فرانسیسی،ہندی،روسی ،جرمن،یوگو سلاوی اور پاکستان کی متعدد علاقائی و صوبائی زبانوںمیں تراجم شائع ہو چکے ہیں احمد فراز کا انتقال25اگست 2008ء کو ہوا تھا ۔

وقت اشاعت : 09/01/2024 - 11:44:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :