کپل شرما نے نادر علی کیساتھ کام کرنے کی خواہش ظاہر کردی

کچھ پروجیکٹس پر کام کیا ہے، جب دبئی جائوں گا تو رابطہ کروں گا، پھر ساتھ بیٹھ کر ان سے متعلق چیزیں طے کریں گے، بھارتی کامیڈین

جمعہ 16 فروری 2024 23:00

کپل شرما نے نادر علی کیساتھ کام کرنے کی خواہش ظاہر کردی
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2024ء) معروف بھارتی کامیڈین کپل شرما نے پاکستانی یوٹیوبر نادر علی کیساتھ دبئی میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق یوٹیوبر نادر علی نے فیس بک اکائونٹ پر بھارتی کامیڈین کی جانب سے موصول ہونیوالی کال اور ان سے ہونیوالی گفتگو کی مختصر ویڈیو شیئر کی اور ساتھ لکھا کہ کپل بھائی جلد ہی آپ سے لاہور میں ملاقات ہوگی۔

مذکورہ ویڈیو کے آغاز میں بھارتی کامیڈین نادر علی سے حال احوال دریافت کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ میں آپ کو اتنا پسند کرتا ہوں کہ ابھی میں آپ کا ہی شو دیکھ رہا تھا، آپ بہت اچھا شو کرتے ہیں، میں چاہتا ہوں کہ ہم کبھی ساتھ میں ایک شو کریں جو دبئی میں ہو۔کپل شرما نے کہا کہ میرا تعلق امرتسر سے ہے اور میں جانتا ہوں کہ آپ کا تعلق لاہور سے ہے، میرے دادا اور پڑدادا کا تعلق بھی لاہور سے تھا، میرے بڑا تا، چھوٹے تا، میری بوا سب لاہور سے تھے، میرے والد 1915ء میں امرتسر میں پیدا ہوئے، میری بہت سی یادیں لاہور سے جڑی ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں آپ کو بہت پسند کرتا ہوں کسی دن ہم دبئی میں ملتے ہیں۔اس پر نادر علی نے رضامندی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ لازمی کپل بھائی، یہ کوئی کہنے کی بات ہی نہیں ہے۔بھارتی کامیڈین نے بتایا کہ انہوں نے کچھ پروجیکٹس پر کام کیا ہے، جب بھی دبئی جائیں گے تو نادر علی سے رابطہ کریں گے اور ساتھ بیٹھ کر ان پرجیکٹس سے متعلق ساری چیزیں طے کریں گے۔
وقت اشاعت : 16/02/2024 - 23:00:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :