انڈسٹری میں آنے سے قبل مشکل مالی حالات کے باعث خود کشی کی کوشش کی،گلوکار کیلاش خیر

پیر 11 مارچ 2024 21:17

انڈسٹری میں آنے سے قبل مشکل مالی حالات کے باعث خود کشی کی کوشش کی،گلوکار کیلاش خیر
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مارچ2024ء) بھارتی گلوکار کیلاش خیرنے کہا ہے کہ انڈسٹری میں آنے سے قبل مشکل مالی حالات کے باعث خود کشی کی کوشش کی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک انٹرویو میں بھارتی گلوکار کیلاش خیر نے دریائے گنگا میں کود کر خودکشی کرنے کی کوشش کا انکشاف کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ میں نے پیسے کمانے کیلئے مختلف کام کیے جب میں 20یا 21سال کا تھا تو میں نے دہلی میں ایکسپورٹ کا کاروبار شروع کیا اور میں دستکاری کا سامان جرمنی بھیجتا تھا۔

بھارتی گلوکار نے بتایا کہ بدقسمتی سے اچانک اس کاروبار میں کئی مسائل سامنے آنے کے بعد میرا وہ کاروبار ڈوب گیا جس کے بعد میں پنڈت بننے کیلئے رشیکیش چلا گیا۔انہوں نے بتایا کہ رشیکیش میں مجھے یہ محسوس ہونے لگا کہ میںپنڈت نہیں بن سکتا کیونکہ میرے ساتھی مجھ سے چھوٹے تھے اور میرے خیالات ان سے ہمیشہ مختلف رہتے تھے، یوں ہر چیز میں ناکام ہونے کے بعد میں افسردہ تھا چنانچہ ایک دن میں نے دریائے گنگا میں چھلانگ لگا کر خودکشی کرنے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

کیلاش خیر نے بتایا کہ گنگا کے پاس گھاٹ پر موجود ایک شخص نے فورا دریا میں چھلانگ لگا کر مجھے بچا لیا اور کہا کہ تیرنا نہیں آتا تو اندر کودے کیوں تھی جس پر میں نے انہیں جواب دیا کہ میں مرنے کیلئے دریا میں کودا تھا تو یہ جاننے کے بعد انہوں نے میرے سر پر تھپڑ مارا۔انہوں نے بتایا کہ اس دن کے بعد میں نے دوبارہ کبھی خودکشی کرنے کی کوشش نہیں کی اور اپنی زندگی میں کامیابی کا سفر طے کرنا شروع کردیا۔
وقت اشاعت : 11/03/2024 - 21:17:01

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :