اداکارہ صاحبہ کی زندگی میں پہلی بار اپنے سگے والد سے ملاقات، جذباتی مناظر کی ویڈیو وائرل

تمہاری پیدائش سے پہلے ہی تمہاری والدہ سے علیحدگی ہوچکی تھی، جب تمہاری پیدائش ہوئی تو کسی نے مجھے گھر میں داخل تک نہیں ہونے دیا۔ صاحبہ کے والد کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 28 مارچ 2024 12:13

اداکارہ صاحبہ کی زندگی میں پہلی بار اپنے سگے والد سے ملاقات، جذباتی مناظر کی ویڈیو وائرل
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مارچ 2024ء ) معروف پاکستانی اداکارہ صاحبہ کی زندگی میں پہلی بار اپنے سگے والد سے ملاقات ہوگئی، جس کی جذباتی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ صاحبہ جذباتی ہوتے ہوئے اپنے والد سے پوچھتی ہیں کہ ’میرا کیا قصور تھا جو آپ نے کبھی مجھ سے ملاقات کرنے کی کوشش بھی نہیں کی اور پیدائش کے وقت میرا چہرہ تک نہیں دیکھا، کیا آپ کو میری پیدائش کی خوشی نہیں تھی؟ آپ کے یہاں اولاد پیدا ہوئی تھی، آپ کیوں مجھے دیکھنا نہیں چاہتے تھے؟‘۔

ان سوالات کے جواب میں صاحبہ کے والد نے کہا کہ ’مجھے معاف کردو، میں تمہاری طرف دیکھ کر بھی بات نہیں کرسکتا کیوں کہ مجھے اپنی غلطی پر غصہ آتا ہے، تمہاری پیدائش سے پہلے ہی تمہاری والدہ سے علیحدگی ہوچکی تھی اور جب تمہاری پیدائش ہوئی تو کسی نے مجھے گھر میں داخل تک نہیں ہونے دیا، اسی وجہ سے پیدائش کے وقت تم سے مل نہیں سکا‘۔

(جاری ہے)

  


انہوں نے مزید کہا کہ ’میں بہت بوڑھا ہوچکا ہوں، اب ٹھیک سے چل بھی نہیں سکتا، اللہ نے مجھے تم سے ملوانا تھا، اسی لیے میری سانسیں بچا کر رکھیں، میں بہت خوش ہوں کہ اللہ نے تمہیں ریمبو جیسا شوہر نصیب کیا جو تم سے بے انتہا محبت کرتا ہے اور خوبصورت بچوں کی نعمت سے نوازا‘۔

علاوہ ازیں صاحبہ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر والد کے ہمراہ لی گئیں چند تصاویر بھی پوسٹ کیں جن میں انہوں نے والد کے کندھے پر سر رکھا ہوا ہے، اس پوسٹ کے کیپشن میں اداکارہ نے لکھا کہ ’زندگی میں پہلی بار اپنے والد سے ملاقات کی ہے اور اٴْنہیں دیکھا ہے‘۔ 


خیال رہے کہ حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران صاحبہ نے انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے کبھی اپنے سگے والد کو نہیں دیکھا اور نہ ہی کبھی ان سے ملاقات ہوئی کیوں کہ پیدائش سے پہلے ہی ان کے والدین کے درمیان علیحدگی ہوگئی تھی، میری پیدائش کے بعد بھی والد نے کبھی ملنے کی کوشش نہیں کی، اسی وجہ سے دل میں کبھی اپنے سگے والد کے لیے باپ والے جذبات نہیں آئے۔
وقت اشاعت : 28/03/2024 - 12:13:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :