اردو کے معروف شاعر محسن نقوی کی سالگرہ (کل)منائی جائیگی

ہفتہ 4 مئی 2024 12:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2024ء) اردو کے معروف شاعر محسن نقوی کی سالگرہ (کل)5مئی اتوارکو منائی جائے گی ان کا مکمل نام سید غلام عباس جبکہ محسن تخلص اور لفظ نقوی کو وہ تخلص کے ساتھ استعمال کرتے تھے۔ بحیثیت ایک شاعر انہوں نے اپنے نام کو محسن نقوی میں تبدیل کر لیا اور اِسی نام سے مشہور ہوئے۔ محسن نقوی 5 مئی 1947 کو محلہ سادات، ڈیرہ غازی خان میں پیدا ہوئے ۔

محسن نقوی شاعری کے علاوہ مرثیہ نگاری میں بھی مہارت رکھتے تھے۔ ان کی تصانیف میں بند قبا،عذاب دید، خیمہ جان، برگ صحرا، طلوع اشک، حق ایلیا، رخت شب ،ریزہ حرف ، موج ادراک اور دیگر شامل ہیں۔ ان کی شاعری میں رومان اور درد کا عنصر نمایاں تھا۔ ان کی رومانوی شاعری نوجوانوں میں بھی خاصی مقبول تھی۔

(جاری ہے)

ان کی کئی غزلیں اور نظمیں آج بھی زبان زد عام ہیں اور اردو ادب کا سرمایہ سمجھی جاتی ہیں۔

محسن نقوی نے بڑے نادر اور نایاب خیالات کو اس طرح اشعار کا لبادہ پہنایا کہ شاعری کی سوجھ بوجھ رکھنے والا دنگ رہ جاتا ہے۔محسن نقوی کی ادبی و علمی خدمات کے عتراف میں 1994 میں حکومت پاکستان نے انھیں صدارتی تمغا برائے حسن کارکردگی عطا کیا تھا۔ اردو ادب کا دمکتا چراغ 15جنوری 1996 کو مون مارکیٹ لاہور میں اپنے دفتر کے باہر دہشت گردوں کی فائرنگ سے بجھ گیا ۔ محسن نقوی کی سالگرہ کی مناسبت سے علمی و ادبی حلقوں کے زیر انتظام مختلف تقریبات میں ان کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔
وقت اشاعت : 04/05/2024 - 12:49:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :