ٹک ٹاک پراداکاری نہیں ہوتی، بے ہودہ مواد بنتا ہے، حریم سہیل

جمعرات 5 جون 2025 22:11

ٹک ٹاک پراداکاری نہیں ہوتی، بے ہودہ مواد بنتا ہے، حریم سہیل
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جون2025ء) ابھرتی ہوئی پاکستانی اداکارہ حریم سہیل کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاک پر زیادہ تر بے ہودہ مواد بنتا ہے اور وہاں کے اکثر افراد کو اداکاری نہیں آتی۔حال ہی میں حریم سہیل نے ایف ایچ ایم پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر بات کی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انہیں بچپن سے ہی اداکاری کا شوق تھا، وہ اپنی والدہ کی ساڑھی پہن کر آئینے کے سامنے کھڑے ہوکر اداکاری کی مشق کیا کرتی تھیں۔

اداکاری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ اداکاری صرف تیار ہوکر چند ڈائیلاگز بولنے کا نام ہے، مگر حقیقت میں کیمرہ اداکار کے ہر زاویے کو ریکارڈ کرتا ہے، اس لیے یہ کام اتنا آسان نہیں جتنا نظر آتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے انکشاف کیا کہ ڈراموں کے سیٹس پر بڑے اور مشہور اداکاروں کو خاص اہمیت دی جاتی ہے، انہیں اپنے سینز کے لیے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑتا، وہ آتے ہیں اور فورا ان کا سین شوٹ کرلیا جاتا ہے۔

اداکاری پر ہونے والی تنقید سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ یہ شعبہ ایسا ہے جس میں تنقید اور تعریف دونوں کا سامنا ہوتا ہے، ایک اداکار کو تنقید کے لیے ذہنی طور پر تیار رہنا چاہیے مگر تنقید کرنے والوں کو گالم گلوچ پر نہیں اترنا چاہیے، لیکن بدقسمتی سے آج کل یہی ہورہا ہے۔اپنی ذاتی زندگی پر بات کرتے ہوئے حریم سہیل نے بتایا کہ ان کی شادی محبت کی بنیاد پر ہوئی اور شوہر سے ملاقات ایک مشترکہ دوست کے ذریعے ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ان کے شوہر ان کا بہت خیال رکھتے ہیں، ضروری نہیں کہ شوہر صرف پیسہ خرچ کرکے بیوی کی دلجوئی کرے بلکہ وہ محبت، تعریف اور نرم گفتگو کے ذریعے بھی بیوی کو خوش رکھ سکتا ہے۔ڈیٹنگ اور بریک اپس سے متعلق سوال کے جواب میں حریم سہیل نے کہا کہ آج کل یہ رجحان بہت عام ہوگیا ہے، بعض اوقات لوگ بارہ سال کی عمر میں ہی ایسے تعلقات میں ملوث ہوجاتے ہیں جو بعد میں ختم ہوجاتے ہیں۔

ٹک ٹاکرز سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے حریم سہیل نے کہا کہ انہیں اچھی اداکاری نہیں آتی، وہ خود کیمرا سیٹ کرتے ہیں اور اس کے سامنے صرف لپ سنگ کرتے ہیں، جبکہ اصل اداکاری میں آپ کو پچاس لوگوں کے سامنے پرفارم کرنا ہوتا ہے، جو کہیں زیادہ مشکل ہوتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جب تک کسی ٹک ٹاکر میں قدرتی اداکارانہ صلاحیت یا اداکاری والے جراثیم نہ ہوں، وہ اصل اداکار نہیں بن سکتا، ہوسکتا ہے شروعات میں سفارش یا پرچی کے ذریعے کچھ پروجیکٹس مل جائیں، لیکن وہ زیادہ دیر تک اس فیلڈ میں نہیں ٹھہر سکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹک ٹاک پر بننے والے مواد میں بے ہودگی نمایاں ہوتی ہے۔
وقت اشاعت : 05/06/2025 - 22:11:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :