پٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ‘فنکاروں میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی‘ فنکاروں نے کنوینس الاؤنس کا بھی مطالبہ کر دیا۔غریب عوام کیلئے ریلیف اسکیم کا اجراء کیا جائے ۔۔پٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر مصطفی قریشی ‘ قوی خان‘ توقیر ناصر ‘ کنول‘ سہیل احمد و دیگر کا رد عمل

اتوار 16 مارچ 2008 12:17

لاہور(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین16 مارچ 2008 ) پندرہ روز کے اندر دوسری مرتبہ پٹرول مصنوعات کی قیمتوں نے مختلف شعبہ زندگی کے علاوہ شوبز کے فنکاروں کو بھی تشویش میں مبتلا کر دیا ہے جبکہ فنکاروں کی اکثریت نے اب معاوضوں کیساتھ کنوینس الاؤنس کا مطالبہ بھی شروع کر دیا ہے ۔ فلم انڈسٹری سے وابستہ فلمسازوں نے پٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے پیمانے پر اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ پہلے ہی اخراجات اتنے زیادہ ہیں جبکہ فنکار کئی عرصہ سے پٹرول الاؤنس کا مطالبہ کر رہے تھے جو حالیہ بڑھنے والی قیمتوں میں شدت اختیار کر جائے گا ۔

پٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے فلم انڈسٹری میں موجود ہنر مند طبقہ بھی شدید پریشانی میں مبتلا ہو گیا ہے اور ان لوگوں کا کہنا ہے کہ خدارا غریب آدمی کی حالت زار کو مد نظر رکھ کر پالیسیوں کا اعلان کیا جائے ۔

(جاری ہے)

معروف اداکار مصطفی قریشی نے کہا کہ پندرہ دنوں کے اندر پٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں دوسری مرتبہ اضافہ غریب عوام کو زندہ درگو ر کرنے کے مترادف ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی اس قدر بڑھ چکی ہے کہ اب عوام کے لئے دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل ہوتا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میرا مطالبہ ہے کہ نئی آنیوالی حکومت غریب آدمی کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہو ئے اس کے لئے کسی ایسی سکیم کا اجراء کرے جس سے اسے ریلیف مل سکے ۔ سینئر اداکار قوی خان نے کہا کہ حکومت کو پٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرتے وقت اس بات کو مد نظر رکھنا چاہیے اس سے غریب آدمی جو پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے اسکا کیا حال ہوگا ۔

حکومت کو مستقبل میں پٹرول مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور بجلی کے بحران پر قابو پانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے کیونکہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو مشکلات کا شکار پاکستانی معیشت کبھی اپنے پاؤں پر نہیں کھڑے ہو سکے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمتیں بڑھنے سے ضرورت زندگی کی تمام اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہو جاتا ہے اور اس سے تنخواہ دار اور دیہاڑی دار طبقہ شدید متاثر ہوتا ہے ۔

ٹی وی کے معروف اداکار توقیر ناصر نے کہا کہ 15روز کے اندر دوسری مرتبہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ پاکستان کے غریب عوام کے ساتھ ظلم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پٹرول مصنوعات پر وصول کئے جانیوالے ٹیکسزمیں کمی کرے تاکہ اس کی قیمتیں کم ہو سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کے جاتے ہوئے تحفے کو عوام ساری زندگی نہیں بھلا پائینگے ۔ اداکارہ کنول نے کہا کہ اب گاڑی رکھنا آسان کام نہیں رہا ‘ پٹرول کی روز بروز بڑھتی ہوئی قیمتوں نے معاشرے کے ہر طبقے کو شدید متاثر کیا ہے ۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نئی آنیوالی حکومت اس پر قابو پا لے گی ۔ اسٹیج کے معروف اداکار سہیل خان نے کہا کہ ایک طرف بم دھماکوں کا خوف اور دوسری طرف حکومت کی طرف سے وقفے وقفے سے مہنگائی بم گرائے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی سے شوبز سے وابستہ لوگ بھی شدید متاثر ہو رہے ہیں جبکہ خاص کر غریب ہنر مند طبقہ فاقوں پر مجبور ہو گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ نئی آنیوالی حکومت از سر نو پالیسیاں ترتیب دیکر عوام دوست پالیسیاں تشکیل دیگی ۔
وقت اشاعت : 16/03/2008 - 12:17:29

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :