سکندر بخت کے بیان پر فیصل آباد کے فنکار پھٹ پڑے ، معافی مانگنے کا مطالبہ

منگل 26 اپریل 2016 13:30

سکندر بخت کے بیان پر فیصل آباد کے فنکار پھٹ پڑے ، معافی مانگنے کا مطالبہ

لاہور ( (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔26 اپریل۔2016ء) ) فیصل آباد کے فنکاروں نے سابق ٹیسٹ کرکٹر سکندر بخت کے بیان پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے معافی مانگنے کا مطالبہ کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق چند روز قبل عمر اکمل سمیت 5کھلاڑی فیصل آباد میں اسٹیج ڈرامہ دیکھنے گئے تھے جس پر سابق ٹیسٹ کرکٹر سکندر بخت نے ایک ٹی وی شو کے دوران عمر اکمل اور دیگر کھلاڑیوں پر شدید نقطہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ ان کھلاڑیوں کا ایسا زیب نہیں دیتا تھا کہ وہ اسٹیج ڈرامہ دیکھنے کے لئے جاتے کیونکہ واحیات اسٹیج ڈرامے پیش کیے جا رہے ہیں اور کوئی ایک شریف آدمی بھی اس کو دیکھنے کے لئے نہیں جاتا ۔

ان کے اس بیان پر فیصل آباد تھیٹر سے تعلق رکھنے والے فنکاروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ سکندر بخت کو کس نے جج بنا دیا ہے کہ وہ اسٹیج ڈرامے کی اچھائیوں اور برائیوں کے بارے میں بحث و مباحثہ کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اسٹیج ڈرامے کو واحیات کہہ کر ادب جیسے شعبے کی توہین کی ہے اور ہمارا ان سے مطالبہ ہے کہ وہ فی الفور اپنے الفاظ واپس لیتے ہوئے معافی مانگیں ۔

ورنہ ہم ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں ۔ دوسری جانب فیصل آباد یوتھ ایکشن کمیٹی کے عہدیداروں نے بھی اپنے کارکنوں کے ہمراہ ستیانہ روڈ پر احتجاجی ریلی نکالی جس کی قیادت سید گوہر عابد نے کی اور انہوں نے بھی سکندر بخت کے بیان کو توہین آمیز قرار دیتے ہوئے معافی مانگنے کا مطالبہ دہرایا ۔ تاہم اس حوالے سے سکندر بخت سے موقف معلوم کرنے کے لئے رابطہ نہیں ہو سکا ۔

وقت اشاعت : 26/04/2016 - 13:30:45

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :