ثانیہ مرزا ریکٹ کی رانی ہیں ٗشاہ رخ خان نے خطاب نواز دیا

جب کبھی بھی ثانیہ مرزا پر فلم بنی تو کافی متاثر کن ہو گی ٗ پروڈیوس کرنا پسند کریں گے ٗشاہ رخ خان

جمعرات 14 جولائی 2016 21:45

ثانیہ مرزا ریکٹ کی رانی ہیں ٗشاہ رخ خان نے خطاب نواز دیا

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 جولائی ۔2016ء) بالی وڈ اسٹار شاہ رخ خان نے ویمنز ڈبلز کی عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کو ریکٹ کی رانی کے خطاب سے نواز دیا ہے۔ثانیہ مرزا کی کتاب ایس اگینسٹ آڈز کی تقریب رونمائی کے موقع پر شاہ رخ خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں محسوس کرتا ہوں کہ ہم عورتوں کو جتنی عزت اور احترام دیں گے وہ اتنا ہی زیادہ بڑے کارنامے انجام دیں گی جو ثانیہ مرزا جیسے عالمی معیار کے ہوں گے۔

بالی وڈ میں بادشاہ تصور کیے جانے والے اسٹار نے کہا کہ ثانیہ ریکٹ کی رانی ہیں، ثانیہ نے ہر کسی سے زیادہ اس ملک کا سر فخر سے بلند کیا، ہم میری کوم، پی ٹی اوشا اور ثانیہ مرزا جیسے لوگوں کو یاد رکھیں گے۔شاہ رخ خان نے اس موقع پر ثانیہ مرزا پر فلم بنانے کا بھی عندیہ دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب کبھی بھی ثانیہ مرزا پر فلم بنی تو وہ کافی متاثر کن ہو گی اور وہ اس کو پروڈیوس کرنا پسند کریں گے۔

اس موقع پر ثانیہ نے تقریب رونمائی میں شرکت پر شاہ رخ خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کتاب کی رونمائی کیلئے میں اس سے بہتر شخص کے بارے میں نہیں سوچ سکتی ٗمیں نے صرف ان سے درخواست کی تھی کہ وہ اس خاص موقع پر تشریف لائیں اور کتاب کی رونمائی کریں۔اس کتاب میں ثانیہ مرزا نے ویمنز ڈبلز میں عالمی نمبر ایک بننے کے سفر کا ذکر کیا کہ انہیں اس سفر میں کن مشکلات اور چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔

تقریب کے دوران ایک سوال کے جواب میں ثانیہ نے کہا کہ بحیثیت ایتھلیٹ ان کیلئے سب سے مشکل وقت 2010 کا سال تھا جب ان کی تیسری سرجری ہوئی اور انہیں لگنے لگا کہ شاید انہیں اب ٹینس کے کھیل سے دور ہونا پڑے یہ میری زندگی کا سب سے سخت لمحہ تھا اور اسی وجہ سے میں دو ماہ تک شدید ذہنی دباؤ کا شکار رہی۔

وقت اشاعت : 14/07/2016 - 21:45:13

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :