What is facebook cloning

What Is Facebook Cloning

فیس بک کلوننگ کیا ہے؟

حالیہ دنوں میں فیس بک کلوننگ کے موضوع نے ساری دنیا کی خبروں میں اپنی جگہ بنائی ہے۔ فیس بک کلوننگ سے دھوکے باز آپ کا نام استعمال کر کے لوگوں کو دھوکہ دے سکتے ہیں۔
فیس بک کلوننگ کا طریقہ کار یہ ہے کہ دھوکہ باز آپ کے نام سے ایک اکاؤنٹ بناتے ہیں، اس اکاؤنٹ پر وہ آپ کی ہی پروفائل اور کور فوٹو لگاتےہیں ، کچھ عرصہ آپ کے سٹیٹس کاپی کرتے رہتےہیں اور آپ کے دوستوں کو بھی اپنے پاس ایڈ کر لیتے ہیں۔

آپ کے دوست یہی سمجھ رہے ہوتے ہیں کہ آپ نے غلطی سے ان فرینڈ کر دیا ہوگا اور اب غلطی کا احساس ہونے پر دوبارہ ریکوئسٹ بھیجی ہے۔ دھوکے باز جب آپ کے جعلی اکاونٹ سے مطمئن ہوجاتے ہیں کہ یہ اصل کی طرح ہی نظر آ رہا ہے تو وہ اکثر اپنے کلون اکاؤنٹ سے آپ کے اصل اکاؤنٹ کو بلاک کر دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس طرح آپ کو اپنے اصل اکاؤنٹ سے کلون اکاؤنٹ نظر نہیں آئے گا۔

اس کے بعد دھوکے باز دوسرے اکاؤنٹ سے آپ کو اور جس جس کےکلون اکاؤنٹ بنائے گئے تھے، سب کو مانیٹر کرتے رہتے ہیں۔ بعض دفعہ ایسی صورتحال پیش آ جاتی ہیں، جہاں یہ لوگ اپنا وار کر دیتے ہیں۔ مثال کے طور پر مانیٹرنگ کے دوران انہیں کسی چیکڈ ان سٹیٹس سے پتا چلتا ہے کہ آپ کسی مریض کی تیمارداری کے لیے ہسپتال گئے تھے اور نیچے دوستوں نے پریشانی میں آپ کی خیریت دریافت کی ہے تو دھوکے باز اس شخص کے بارے میں اندازہ لگائیں گے جو آپ کے لیے زیادہ پریشان ہے ۔
ایسے شخص کا معلوم ہونے پر یہ اس سے پرسنل چیٹ کریں گے اور بیماری کا بتا کر آپ سے رقم کا تقاضا کر دیں گے۔ کلون اکاؤنٹ ہولڈر براہ راست کسی دوست سےپی ایم میں رابطہ کر کے بھی رقم کا تقاضا کر سکتے ہیں۔ دھوکے باز اکثر اصل اکاؤنٹ ہولڈر کی پوسٹ پر اس کے کمنٹس کے نیچے اپنے کلون اکاؤنٹ سے کمنٹ کر رہے ہوتے ہیں مگر اصل اکاؤنٹ ہولڈر کو اس کا پتا بھی نہیں چلتا، کیونکہ کلون اکاؤنٹ اسے پہلے ہی بلاک کر چکا ہوتا ہے۔
حد تو یہ ہے کہ دوسرے صارفین جن کے سامنے دونوں کے کمنٹس ہوں، وہ بھی ، فیس بک ویب ایڈریس کو دیکھے بغیر، بمشکل ہی پہچان سکتےہیں کہ اصل کون ہے اور نقل کون۔
فیس بک کلوننگ سے بچنے کا ایک ہی طریقہ ہے اور وہ ہے احتیاط۔ فیس بک کلوننگ کے ذریعے دھوکا کرتے ہوئے دھوکے باز یا تو آپ کا اکاؤنٹ کلون کریں گے یا آپ سے رقم کا مطالبہ کریں گے۔ یاد رکھیں فیس بک پی ایم ، کمنٹس یا کسی جگہ بھی کوئی دوست آپ سے رقم کا مطالبہ کرے تو رقم ادا کرنے سے پہلے ایک بار اس سے فون پر ضرور بات کر لیں۔
فیس بک صارفین کو چاہیے کہ اپنی سٹیٹس اپ ڈیٹس کو اپنے دوستوں تک ہی محدود رکھیں۔اپنی پبلک پوسٹوں پر بھی صرف دوستوں کو کمنٹ کی اجازت دیں۔ آپ کا جتنا زیادہ ڈیٹا پبلک ہوگا، اتنا ہی زیادہ فیس بک کلوننگ آسان ہوگی۔ اس کے علاوہ آپ فیس بک پر خود کو تلاش کر کے یا دوستوں سے تلاش کرا کر بھی اپنے کلون اکاؤنٹ کے بارے میں باخبر ہوسکتے ہیں۔ایسا ہی کوئی کلون اکاؤنٹ ملنے پر آپ اسے رپورٹ کر سکتے ہیں اور دوستوں سے بھی کرا سکتے ہیں۔
صارفین کو اپنا فیس بک ویب ایڈریس بھی ایسا آسان سا بنانا چاہیے جو آپ کے دوستوں کو یاد رہ سکے۔ ایسے صارفین جن کے فیس بک ویب ایڈریس میں نمبرلکھے ہوتے ہیں، وہ یہاں کلک کرکے اپنے یوزر نیم یا ویب ایڈریس بنا سکتے ہیں۔
فیس بک کلوننگ سے دھوکے باز صرف مالی فائدہ ہی حاصل نہیں کرتے۔ ایسے لوگ آپ کے نام سے حساس پوسٹ یا کمنٹس کر کے لوگوں کے جذبات بھی بھڑکا سکتے ہیں۔ اس لیے اگر کوئی حساس پوسٹ یا پوسٹ کا سکرین شاٹ سامنے آئے تو ایک دفعہ صارف کا فیس بک ویب ایڈریس دیکھ کر ضرور تسلی کر لینی چاہے کہ یہ اصل شخص نے کی ہے یا فیس بک کلون اکاؤنٹ کی کارستانی ہے۔

تاریخ اشاعت: 2017-02-07

More Technology Articles