Apple issues statement regarding iPhone batteries and performance

Apple Issues Statement Regarding IPhone Batteries And Performance

ایپل نے آئی فون کی بیٹریوں اور کارکردگی کے حوالے سے باضابطہ بیان جاری کردیا

پچھلے ہفتے آئی فون صارفین کےلیے یہ خبر کسی جھٹکے سے کم نہیں تھی کہ ایپل صارفین کو نئے فون خریدنے پر مجبور کرنے کےلیے خود ہی پرانے آئی فونز کی کارکردگی کومحدود کر رہا ہے۔
ایپل نے اس حوالے سے ایک مختصر بیان جاری کیا تھاکہ وہ پرانی ڈیوائسز کو یک دم شٹ ڈاؤن ہونے سے بچانے کے لیے ایسا کررہا ہے۔اس بیان سے لوگوں کی تسلی نہیں ہوئی تھی جس کی وجہ سے بہت سے صارفین نے ایپل پر مقدمات بھی کر دئیے ۔

ایک صارف نے تو کمپنی پر 1000 ارب ڈالر ہرجانے کا مقدمہ کیا۔
اب ایپل نے اس حوالے سے ایک باضابطہ تفصیلی بیان جاری کیا ہے، جس میں آئی فون کی بیٹریوں اور کارکردگی کے بارے میں بتایا گیا ہے۔ایپل کا کہنا ہے کہ اس نے کبھی بھی جان بوجھ ڈیوائسز کی قابل استعمال زندگی کو کم کرنے یا صارفین کے تجربے کو خراب کرنے کی کوشش نہیں کی اور نہ ایسا مستقبل میں کرے گا۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں ایپل نے کہا کہ اُن کا مقصد ایسی پراڈکٹس بنانا ہے ، جنہیں صارفین پسند کریں اور وہ زیادہ سے زیادہ عرصہ تک چلیں۔
اس کے بعد ایپل نے بتایا کہ بیٹریاں کس طرح پرانی ہوتی ہیں اور ایپل نے فون کو خود بخود شٹ ڈاؤن ہونے سے بچانے کے لیے کیا کچھ کیا ہے۔ایپل کا یہ بیان خاصا طویل ہے، جس میں ایپل نے کافی چیزوں کی اچھی طرح وضاحت کی ہے۔

بنیادی طور پر جب بیٹریاں پرانی ہوتیں ہیں تو ڈیوائسز کو اپنی اصل گنجائش کے مطابق انرجی فراہم نہیں کر سکتیں، جس سے ڈیوائس شٹ ڈاؤن ہونے لگتی ہے۔ اسی سے بچنے کے لیے جنوری 2017 میں جاری کیے گئے آئی او ایس 10.2.1 سے آئی فون 6، آئی فون 6 پلس، آئی فون 6 ایس، آئی فون 6 ایس پلس اور آئی فون ایس ای میں ایسا بندوبست کیا گیا کہ جیسے ہی آپریٹنگ سسٹم کمزور بیٹری کا پتا چلاتا، وہ فوراً ہی کارکردگی کومحدود کر دیتا تاکہ فون شٹ ڈاؤن نہ ہو۔
اس کے بعد اس ماہ آئی او ایس 11.2 جاری کی گئی تو اس فیچرکو آئی فون 7 اور آئی فون 7 پلس تک بڑھا دیا گیا۔ ایپل نے وضاحت دی کہ ڈیوائس کی کارکردگی کو محدود کرنا ایک عارضی چیز ہے۔ صارفین جیسے ہی فون کی بیٹری کو تبدیل کرتے ہیں فون اپنی پوری کارکردگی دکھانے لگتا ہے۔ایپل کا کہنا ہے کہ مذکورہ بالا آئی فونز کے علاوہ کسی فون کی کارکردگی محدود نہیں ہوتی۔
ایپل نے یہ بھی اعلان کیا کہ جن فون کی وارنٹی ختم ہوچکی ہے اب اُن کی بیٹری بھی 79 ڈالر کی بجائے 29 ڈالر میں تبدیل کی جائے گی۔
اس کے علاوہ ایپل 2018 کے شروع میں آئی او ایس اپ ڈیٹ جاری کرے گا،جس سے صارفین کو پتا چل جائے گا کہ اُن کے فون کی کارکردگی محدود کر دی گئی ہے اور وہ بیٹری تبدیل کر لیں۔
ایپل بیٹریوں کے پرانا ہونے اور فون کے غیر متوقع شٹ ڈاؤن پر بھی کام کر رہا ہے۔

تاریخ اشاعت: 2017-12-29

More Technology Articles