پاکستان میں 5 کروڑ 80 لاکھ فکسڈ اور موبائل براڈ بینڈ صارفین کو باکفائت نرخوں پر انٹرنیٹ کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں،

وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے ممبر آ ئی ٹی مدثر حسین کی اے پی پی سے گفتگو

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2018ء) پاکستان میں 5 کروڑ 80 لاکھ فکسڈ اور موبائل براڈ بینڈ صارفین کو علاقائی ممالک کے مقابلہ میں باکفائت نرخوں پر انٹرنیٹ کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے ممبر انفارمیشن ٹیکنالوجی مدثر حسین نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مسابقتی ماحول کی وجہ سے پاکستانی براڈ بینڈ صارفین کو علاقائی اور خطے کے ممالک کے مقابلہ میں سستے اور باکفائت نرخوں پر انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان میں اگرچہ آئی ٹی اور ٹیلی کام کی صنعت زیادہ پرانی نہیں تاہم اس کے باوجود ملک میں یہ شعبہ تیز ترین ترقی کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگرچہ براڈ بینڈ کی قیمتوں میں کمی صارفین کے لئے اچھی ہے تاہم اوسط ریونیو فی صارف ( اے پی آر یو) کے نتاظر میں نئے کھلاڑیوں کے لئے اس شعبے میں داخل ہونا زیادہ پرکشش نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ زیادہ اے پی آر یو والے ممالک جیسے امریکا میں اس شعبے میں تین سے چار تک کمپنیاں موجودہوتی ہیں۔ پاکستانی مارکیٹ میں اس وقت چار کمپنیاں کام کررہی ہیں ۔ انٹرنیٹ اور موبائل کی سہولت کی فراہمی کے حوالے سے پاکستان کی عالمی رینکنگ میں 96ویں پوزیشن ہے جبکہ بھارت اس رینکنگ میں 109 ویں نمبرپر ہے۔

تاریخ اشاعت: 2018-08-14

More Technology Articles