Pakistani Hacker Hacks Indian Music Website

Pakistani Hacker Hacks Indian Music Website

پاکستانی ہیکر نے بھارتی میوزک ویب سائٹ ہیک کر لی

گانا ڈاٹ کام بھارت کی چند بڑی میوزک ویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ مجھے اس لیے پسند ہے کہ یہاں پر بھارت کے چند اچھے آن لائن ریڈیو زکی نشریات سننے کو مل جاتی ہے۔آج حسب معمول اس ویب سائٹ کو وزٹ کیا تو سامنے لکھا تھا کہ سرور کی دیکھ بھال کے لیے سائٹ ڈاؤن ہے، جلد ہی ہم واپس آئیں گے۔ کچھ دیر بعد معلوم ہوا کہ گانا ڈاٹ کام کو ایک پاکستانی ہیکر نے ہیک کر لیا۔

میک مین نامی ہیکر نے گانا ڈاٹ کام کے 12 ملین رجسٹرڈ صارفین کے یوزر نیم، ای میل ایڈریس، ایم ڈی 5 انکرپٹڈڈ پاس ورڈ، تاریخ پیدائش اور دوسری ذاتی معلومات کو ہیک کر لیا۔
میک مین کے مطابق گانا ڈاٹ کام میں کچھ سیکورٹی کے خلا تھے، اس نے گانا ڈاٹ کی انتظامیہ کو اس حوالے سے خبردار کیا مگر گاناڈاٹ کام کی انتظامیہ نے اسے جواب تک دینا گوارا نہ کیا۔

(جاری ہے)

اس پر میک مین نے انہیں جھٹکا لگانے کے لیے ویب سائٹ ہیک کر لی۔نہ صرف ہیک کر لی بلکہ ڈیٹا کو ایک دوسری ویب سائٹ پر ظاہر بھی کر دیا۔میک مین کے مطابق اس نے ویب سائٹ کے فنانشل ڈیٹا کو ہیک کرنے کے باوجود نہیں چھیڑا۔
ویب سائٹ ہیک ہونے کے بعد ٹائمز انٹرنیٹ، جو گانا ڈاٹ کام چلاتی ہے ، کے سی ای او ستیان نے میک مین کے نام ایک معذرت کا پیغام لکھا اور اس سے درخواست کی کہ وہ اپنی ویب سائٹ سے صارفین کا ڈیٹا ہٹا دے۔
میک مین نے اس پر ویب سائٹ سے ڈیٹا ہٹا دیا۔ ٹائمز انٹرنیٹ کے سی ای او نے اپنے پیغام میں میک مین کو اپنے مشیر کے طور پر کام کرنے کی پیش کش بھی کی۔
میک مین نے اس ہیکنگ کے حوالے سے اپنے فیس بک پیج پر بھی تصاویر پوسٹ کی تھیں، غالباً رپورٹ کرنے پر فیس بک نے میک مین کے اکاؤنٹ کو بلاک کر دیا ہے۔

تاریخ اشاعت: 2015-05-30

More Technology Articles