مائیکرو سافٹ اور یو این ڈی پی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

شراکت داری کا مقصد پاکستانی نوجوانوں اور کمیونٹی کو فائدہ پہنچانے کیلئے ایک دوسرے کی کوششوں کو مکمل کرنا ہے

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 اکتوبر2017ء)ٹیکنالوجی اور جدت میں عالمی لیڈر مائیکرو سافٹ نے حال ہی میں اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے تعاون سے ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ اس شراکت داری کا بنیادی مقصد پاکستان کے نوجوانوں اور کمیونٹی کو فائدہ پہنچانے کے لئے ایک دوسرے کی کوششوں کو مکمل کرنا ہے۔
مائیکروسافٹ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سماجی بہبود کا ادراک کرتا ہے۔ یہ ایک عام آدمی کی زندگی کو بہتر بنانے کے لئے عمومی طور پر کام کرتا ہے۔ اسی طرح یو این پی ڈی حکومت پاکستان، سول سوسائٹی، ترقیاتی شراکت داروں اور پاکستان کے عوام کے ساتھ موجودہ ترقیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے مسلسل کام کر رہا ہے۔ مائیکروسافٹ پاکستان کے کنٹری ہیڈ مسٹر عابد زیدی نے کہا کہ مائیکروسافٹ میں جہاں بھی ہم کام کرتے ہیں وہاں ہم کمیونٹیوں کے ساتھ اپنی کامیابی کا اشتراک کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

یو این ڈی پی کے ساتھ یہ تعاون نوجوانوں اور مختلف دیگر کمیونٹی کی مدد کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس مشترکہ کوشش کے ساتھ اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) اور مائیکروسافٹ کا مقصد پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ایس جیز) پر کام اور نوجوانوں کے لئے مواقع پیدا کرنا ہے تاکہ قومی ترقی کی رفتار کو تیز کیا جا سکے۔ معاہدے کے تحت مائیکرو سافٹ اور یو این ڈی پی اپنے موجودہ پروگراموں پر کام کے ذریعے مواقع فراہم کریں گے جبکہ مائیکرو سافٹ کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی کو یکجا کیا جائے۔
یو این ڈی پی کے ترقیاتی تجربہ سے پاکستان کے نوجوانوں کو مدد فراہم کی جائے گی۔ دونوں ادارے سکلز ڈویلپمنٹ کو فعال کرنے کیلئے آئی سی ٹی طریقوں کو اختیار کرنے کے علاوہ روزگار تک وسیع رسائی فراہم کریں گے جیسے وہ آمدنی پیدا کرنے اور ڈیجیٹل خواندگی پر کام کر رہے ہیں۔ نوجوانوں اور بالغ افراد کے لئے ٹیکنالوجی پر مبنی تربیت ترقی پذیر ملکوں میں تیز اقتصادی ترقی کیلئے حکمت عملی کا ثبوت ہے۔
اس کے علاوہ یہ شراکت داری نوجوانوں کے لئے کاروباری جدتوں کے پروگراموں کو فروغ دینے پر کام کرے گی جس کے ذریعے دور دراز علاقوں تک آسان رسائی کے ساتھ ساتھ تعلیم پر توجہ مرکوز ہو گی۔ مائیکروسافٹ اور یو این ڈی ڈی پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) کے حصول کے لئے بھی کام کریں گے جو غربت کے خاتمے، جمہوری حکمرانی، امن، ماحولیاتی تبدیلی، آفات کے خطرہ اور غیر مساوی معیشت پر بھی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ یو این ڈی پی پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر اگناسیو ارتزا نے کہا کہ ہمیں مائیکرو سافٹ کے ساتھ اس شراکت داری پر خوشی ہے جس کے ذریعے ہم پیشہ ورانہ طریقے سے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے فورسز میں شمولیت اختیار کریں گے۔
تاریخ اشاعت: 2017-10-16

More Technology Articles