کورونا کا خطرہ ‘ ایپل کمپنی نے دبئی میں اپنے اسٹورز بند کردیے

دبئی مال اور مال آف ایمریٹس کے آؤٹ لیٹس کو ہر ایک کی صحت اور تندرستی کے لیے احتیاطاً عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے جب کہ ابوظہبی کے یاس مال میں ایپل کا تیسرا اسٹور کھلا ہے

دبئی ( اُردو پوائںٹ تازہ ترین اخبار ۔ 10 جنوری 2022ء ) کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے پیدا ہونے والے خطرے کے پیش نظر ایپل کمپنی نے دبئی میں اپنے اسٹور بند کردیے ، کمپنی کی طرف سے دبئی مال اور مال آف ایمریٹس کے آؤٹ لیٹس کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے جب کہ ابوظہبی کے یاس مال میں ایپل کا تیسرا اسٹور کھلا ہے ۔اماراتی میڈیا کے مطابق ایپل کی جانب سے احتیاطی تدابیر کے پیش نظر متحدہ عرب امارات میں اپنے دو اسٹورز کو جمعرات تک عارضی طور پر بند کیا گیا ہے ، اس حوالے سے کمپنی کا کہنا ہے کہ دبئی مال اور مال آف ایمریٹس کے آؤٹ لیٹس کو ہر ایک کی صحت اور تندرستی کے لیے احتیاط کے طور پر بند کر دیا گیا ہے جب کہ ابوظہبی کے یاس مال میں ایپل کا تیسرا اسٹور کھلا ہے۔
اس ضمن میں ایپل کے ترجمان نے دی نیشنل کو بتایا کہ دبئی میں ہمارے اسٹورز 13 جنوری تک عارضی طور پر بند ہیں ، ہم اپنی ٹیموں اور گاہکوں کو جلد از جلد واپس لانے کے منتظر ہیں ، تاہم کمپنی نے اس بات کا کوئی حوالہ نہیں دیا کہ آیا یہ کوویڈ 19 کے معاملات سے متاثر ہوا ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ اتوار کو امارات میں کوویڈ کیسز اس وقت دس ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے تھے جب متحدہ عرب امارات میں 2,759 نئے کوویڈ 19 کیسز ریکارڈ کیے گئے ، جو کہ 4 مارچ 2021ء کے بعد سے یومیہ کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ عالمی سطح پر ایپل نے حالیہ ہفتوں میں بہت سے اسٹورز کو عارضی طور پر بند کر دیا ہے کیونکہ یہ انتہائی متعدی اومی کرون ویرینٹ کا مقابلہ کرتا ہے ، پچھلے مہینے کمپنی نے امریکہ اور کینیڈا میں کم از کم آٹھ اسٹورز بند کر دیے تھے کیوں کہ عوام اور ملازمین میں کووِڈ 19 کے کیسز میں اضافہ ہوا تھا۔
تاریخ اشاعت: 2022-01-10

More Technology Articles