ٹک ٹاک نے پاکستانیوں کی ایک کروڑ 85 لاکھ ویڈیوز ڈیلیٹ کردیں

دنیا بھر میں 18 کروڑ سے زائد ویڈیوز ڈیلیٹ یا حذف کی گئیں، کمیونٹی گائیڈلائنز کے نفاذ کی رپورٹ

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اپریل2024ء)شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن پلیٹ فارم ٹک ٹاک کے مطابق کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزیوں پر پاکستان میں اکتوبر تا دسمبر 2023 کے درمیان مجموعی طور پر ایک کروڑ 85 لاکھ سے زائد جب کہ دنیا بھر میں 18 کروڑ سے زائد ویڈیوز ڈیلیٹ یا حذف کی گئیں۔ٹک ٹاک سمیت دیگر پلیٹ فارمز کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزیوں پر یومیہ ہزاروں ویڈیوز اور پوسٹس ڈیلیٹ کرتے ہیں۔
عام طور پر تشدد کے مناظر سے بھرپور ویڈیوز سمیت دوسروں کی توہین، تضحیک اور دل آزاری کا سبب بننے والی ویڈیوز اور پوسٹس کو ڈیلیٹ کیا جاتا ہے۔ٹک ٹاک نے 2023 کی چوتھی اور آخری سہ ماہی کے لیے کمیونٹی گائیڈلائنز کے نفاذ کی رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق اکتوبر تا دسمبر 2023 کے درمیان دنیا بھر میں مجموعی طور پر 176461963 وڈیوز حذف کیں گئیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق حذف کی گئی ویڈیوز ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کی گئیں تمام ویڈیوز کا تقریباً 1.0 فیصد ہیں، ان ویڈیوز میں سے 128300584 خود کار نظام کے ذریعے جبکہ 8038106 ویڈیوز کو ریویو کے بعد حذف کیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسی عرصے کے دوران پاکستان میں کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر 18596077 ویڈیوز حذف کیں گئیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزیوں سے نمٹنے کے علاوہ ٹک ٹاک نے فعال طور پر اسپیم اکائونٹس اور متعلقہ کانٹینٹ کو بھی ہدف بنایا اور خودکار طریقے سے اسپیم اکائونٹس کی تخلیق روکنے کے لیے احتیاطی اقدامات کیے۔
ادارے کے مطابق قابل ذکر بات یہ ہے کہ گائیڈلائنز کی خلاف ورزی کرنے والی تقریباً 95.3 فیصد ویڈیوز کو پوسٹ کیے جانے کے صرف 24 گھنٹوں کے اندر حذف کیا گیا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ نوجوان صارفین کے تحفظ کے لیے ٹک ٹاک نے 19848855 ایسے اکائونٹس حذف کیے، جن کے بارے میں شبہ تھا کہ وہ 13 سال سے کم عمر افراد سے تعلق رکھتے تھے۔یہاں یہ بات واضح رہے کہ کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے والے کانٹینٹ کی نشاندہی اور تشخیص کے لیے ٹک ٹاک جدید ٹیکنالوجی سمیت انسانوں کی خدمات بھی لیتا ہے اور مکمل جائزے کے بعد قابل اعتراض مواد اور اکائونٹس کو ڈیلیٹ کیا جاتا ہے۔
تاریخ اشاعت: 2024-04-01

More Technology Articles