Urdu Dictionary Board launches Digital Dictionary

Urdu Dictionary Board Launches Digital Dictionary

اردو لغت بورڈ نے “اردو لغت ،تاریخی اصول پر” کو آن لائن کر دیا

بابائے اردو مولوی عبدالحق کی کاوشوں سے بنائے گئے ادارے اردو لغت بورڈ نے 52 برس کی محنت کے بعد 2007 میں آکسفورڈ انگلش ڈکشنری کی طرز پر اردو کی جامع لغت مکمل کی۔22 جلدوں، جن میں 2 لاکھ 64 ہزار سے زیادہ الفاظ ہیں، پر مشتمل اس لغت کو اب آن لائن کر دیا گیا ہے، جس کے بعد اب عام صارفین بھی اس لغت سے استفادہ کر سکیں گے۔
اردو لغت بورڈ کے سربراہ عقیل عباس جعفری کےمطابق اس لغت کو ڈیجیٹائز کرنے کا کام فروری 2017 میں شروع کیا گیا تھا اور صرف چار مہینوں میں اس کے 20 ہزار سے زائد صفحات عوام کےلیے پیش کر دئیے گئے۔


پہلے مرحلے پر اس لغت کو جوں ہے جیسا ہے کہ بنیاد پر آن لائن کیا گیا ہے۔دوسرے مرحلے میں اس لغت کی ٹائپو گرافی کی اغلاط درست کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

اردو صارفین بھی ٹائپو گرافی کی غلطیوں کے حوالے سے ادارے کو مطلع کر رہے ہیں، جس کے بعد انہیں دور کیا جا رہا ہے۔ امید ہے کہ جلد ہی یہ عظیم الشان لغت ہر قسم کی اغلاط سے پاک ہو جائے گی۔


اس وقت یہ لغت ویب سائٹ اور پلے سٹور پر دستیاب ہے۔ ایپل کی جانب سے چھان پھٹک ہونے کی وجہ سے ایپ سٹور پر اس کی فراہمی میں تاخیر ہو رہی ہے۔
اردو لغت بورڈ کے سربراہ عقیل عباس جعفری کے مطابق ادارہ اس وقت کئی منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔سب سے اہم منصوبہ اردو کی پہلی صوتی لغت ہے ۔ اس زبردست لغت میں نہ صرف الفاظ کا تلفظ بلکہ ان کے معانی بھی سنے جا سکیں گے۔

Urdu Dictionary Board launches Digital Dictionary
تاریخ اشاعت: 2017-06-23

More Technology Articles