18 میں گرمی پہلے سے زیادہ، بارشیں کم ہونگی، محکمہ موسمیات

اگلے تین مہینوں میں پارہ معلوم سے مزید دو سے تین ڈگری اوپر جانے کا امکان ہے، ڈی جی محکمہ موسمیات غلام رسول کی گفتگو

بدھ 28 مارچ 2018 22:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 مارچ2018ء) محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ رواں سال ملک بھر میں گرمی پہلے سے زیادہ شدید ہوگی اور بارشیں کم ہوں گی۔محکمہ موسمیات کامزید کہنا ہے کہ اگلے تین مہینوں میں پارہ معلوم سے مزید دو سے تین ڈگری اوپر جانے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مارچ کے مہینے میں جنوبی شہروں میں درجہ حرارت 40 سے تجاوز کرجانا غیر معمولی بات ہے جس کی وجہ سے آئندہ گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔

ڈی جی محکمہ موسمیات غلام رسول کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ملک میں اپریل اورمئی میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا، یہ مہینے معمول سے زیادہ خشک اور گرم ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ درجہ حرارت میں معمول سے اضافہ رہے گا،تربیلا اور منگلا ڈیم میں پانی کی سطح انتہائی کم ہے۔

(جاری ہے)

ڈی جی میٹ غلام رسول کا مزید کہنا ہے کہ تیز بارشوں سے تربیلااورمنگلا ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہو سکتی ہے،تاہم آئندہ چند روز میں تیز بارشوں کا کوئی امکان نہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ دوماہ میں جنوبی پنجاب اور کے پی کے کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی ہو گی، جنوبی پنجاب میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی بڑھ جائے گا۔ڈی جی میٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ اندرون سندھ کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت 45 ڈگری تک جائے گا۔ادھر گرمی میں اضافے کے ساتھ ہی کراچی میں لوڈ شیڈنگ میں بھی اضافہ ہوگیا، لوڈ شیڈنگ کیے جانے والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کے اوقات میں غیر اعلانیہ اضافہ کردیا گیا ہے۔کراچی کے مختلف علاقوں میں گرمی کے ساتھ ہی پانی کی قلت بھی بڑھ گئی، نارتھ کراچی سیکٹر الیون ای میں دو دن سے پانی کی سپلائی معمول کے مطابق نہ ہونے کی وجہ سے لوگ بوند بوند پانی کو ترس گئے۔

Browse Latest Weather News in Urdu