ایبٹ آباد میں شدید بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی،

شہر کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرتی رہیں

بدھ 8 اگست 2018 14:08

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2018ء) ایبٹ آباد میں شدید بارش کے بعد ندی نالوں میں آنے والی طغیانی نے تباہی مچا دی، بارشوں کا پانی سڑکوں پر جمع ہونے سمیت لوگوں کی دکانوں اور گھروں میں داخل ہو گیا، ایبٹ آباد شہر کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرتی رہیں، مانسہرہ روڈ اور کاکول روڈ سمیت دیگر علاقوں میں شدید ٹریفک جام رہی، بارشوں کا پانی لوگوں کے گھروں اور دکانوں میں بھی داخل ہونے سے لاکھوں روپے کا قیمتی سامان ناکارہ ہو گیا۔

(جاری ہے)

گذشتہ روز سے جاری بارش نے ایبٹ آباد شہر سمیت ارد گرد کے علاقوں میں تباہی مچا دی، نالے بند ہونے کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی، نالوں کا پانی سڑکوں پر آ گیا جس سے لنک روڈ، کاکول روڈ اور مانسہرہ روڈ کئی گھنٹے تک بند رہی، شہر میں ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ ایبٹ آباد سے منڈیاں تک اور کاکول روڈ پر ٹریفک بند رہی۔ ٹریفک پولیس بھی موقع سے غائب رہی جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بارشوں کا پانی لوگوں کے گھروں اور مکانوں میں بھی داخل ہو گیا جس سے لوگوں کا قیمتی گھریلو سامان مکمل طور پر ناکارہ ہو گیا۔

Browse Latest Weather News in Urdu