پنجاب سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ رک گیا ، لاہور میں سورج کی کرنوں نے موسم حسین بنا دیا

جمعرات 15 جنوری 2015 14:25

لاہور/اسلام آباد /راولپنڈی /کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 جنوری 2015ء) پنجاب سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ رک گیا ، لاہور میں سورج کی کرنوں اور سرد ہواں کے امتزاج نے موسم کو حسین بنا دیا جبکہ آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا ۔باغوں کے شہر لاہور میں کھلا کھلا نیلا آسمان ، روشن چمکدار دن ، سورج کی تمازت اور سرد ہواں کے امتزاج نے موسم دلکش بنا دیا ، دھند اور بادل چھٹ جانے کے بعد نظام زندگی رواں دواں ہے ۔

(جاری ہے)

شہر اقتدار اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی خون جما دینے والی سردی کے بعد سورج پوری آب و تا ب کے ساتھ چمک رہا ہے لیکن ہواؤں میں اب بھی بلا کی کاٹ ہے ۔ کراچی میں شمال مشرقی تیز ہوائیں چلنا شروع ہو گئی ہیں جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ۔ گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں اب بھی بادل چھائے ہوئے ہیں ۔ موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق اگلے چوبیس گھنٹے کے دوران بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا تاہم لاہور ، گوجرانوالہ ، بہاولپور ، ملتان اور فیصل آباد ڈویژن میں دھند پڑے گی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ہفتے بادل پھر برسیں گے۔

Browse Latest Weather News in Urdu