سوڈان،دو کشتیوں کے آپس میں ٹکرانے اور مسلح افراد کے حملوں میں 113 افراد ہلاک

جمعرات 19 اکتوبر 2006 22:35

خرطوم (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19اکتوبر۔2006ء) سوڈان میں دو کشتیوں کے آپس میں ٹکرانے کے باعث اس میں سوار 75 فوجی دریائے نیل میں ڈوب کر ہلاک ہوگئے متعدد لاپتہ ہیں جس کے باعث مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے، جنوبی سوڈان میں مسلح افراد نے مختلف کارروائیوں کے دوران خواتین و بچوں سمیت 38 افراد کو ہلاک کر دیا متعدد گھروں اور گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا۔

مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز دریائے نیل میں سابقہ باغی پیپلز لبریشن آرمی کے 150 سے زائد فوجیوں کو لے جانے والی وولٹیم بوٹس آپس میں ٹکرا گئیں جس کے باعث 75 سے زائد فوجی دریائے نیل میں ڈوب کر ہلاک ہو گئے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق امدادی کارروائیاں جاری ہیں بہت سے فوجی ابھی تک لاپتہ ہیں جس بارے میں خدشہ ظاہر کیا رہا ہے کہ وہ ہلاک ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ایک کشتی میں 109 افراد جبکہ دوسری میں 75 افراد سوار تھے۔ ادھر سوڈان کے جنوبی علاقوں میں مسلح افراد نے مختلف کارروائیوں کے دوران خواتین و بچوں سمیت 38 شہریوں کو ہلاک کر دیا۔ جنوبی سوڈان کے وزیر داخلہ پال میوم اکیک نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ مسلح افراد نے جویا اور دریائے نیل کے مشرقی کنارے کے علاقے میں خواتین اور بچوں سمیت 38 افراد کو 5 مختلف کارراوئیوں کے دوران ہلاک کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلح افراد نے ان حملوں میں متعدد گھروں اور گاڑیوں کو آگ لگا دی تاہم انہوں نے مسلح افراد کی شناخت کے حوالے سے کوئی بھی اطلاع فراہم نہیں کی۔ جوبا میں ان دنوں یوگنڈا اور لارڈ ریزسٹنس آرمی (ایل آر اے) باغیوں کے درمیان امن مذاکرات ہو رہے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمیں اس سے کوئی سروکار نہیں کہ حملہ آور کون تھے ہمیں ان امن مذاکرات کو تباہی سے بچانا ہے۔

متعلقہ عنوان :