تیل اور گیس کی پیداوار بڑھانے کیلئے ٹھوس اقدامات کا فیصلہ

ہفتہ 21 مارچ 2009 14:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ ۔2009ء) نئی پٹرولیم پالیسی کے تحت رواں سال ملک میں تیل اور گیس کی پیداوار بڑھانے کیلئے سرمایہ کاروں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی اور اس سلسلے میں متعدد نئے منصوبے شروع کئے جائیں گے۔ نئی پٹرولیم پالیسی کے تحت توانائی کے شعبے میں خود کفالت کا حصول حکومت کا اولین مقصد ہوگا جس کے تحت نہ صرف ایندھن کا درآمدی بل کم ہوگا بلکہ قیمتی زرمبادلہ بچانے میں بھی مدد ملے گی۔

نئی پالیسی کے تحت ملک کے پیشہ ور افراد کو تیل اور گیس کی تلاش وپیداوار کے شعبے میں تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ اس شعبے کی کارکردگی بہتر بنائی جاسکے۔ اس کے علاوہ ساحلی علاقوں سے تیل وگیس کی تلاش پر مخصوص توجہ مرکوز کی جائے گی اور اس مقصد کیلئے سرمایہ کاروں کو عالمی معیار کی سہولیات مہیا کی جائیں گی ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وسائل کے بہتر انتظام کیلئے ایک ڈائریکٹوریٹ جنرل برائے پٹرولیم کمیشن بھی قائم کیا جائے گا۔

نئی پالیسی کے تحت تیل وگیس کے شعبے میں کام کرنے والی ملکی کمپنیوں کے علاوہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بھی خصوصی مراعات دی جائیں گی اور اس سلسلے میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔ اس شعبے میں مسابقت کو بڑھانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے۔ وزارت پٹرولیم وقدرتی وسائل کے ترجمان جی اے صابری نے سرکاری خبر رساں ادارے کو بتایا کہ نئی پٹرولیم پالیسی کا اہم مقصد توانائی کے شعبے میں خودکفالت حاصل کرنا ہے اوراس مقصد کیلئے تیل وگیس کی پیداوار میں اضافے کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے تیل وگیس کی پیداوار بڑھانے کا عزم کر رکھا ہے اور امید ہے کہ اس سلسلے میں کئے جانے والے اقدامات سے توانائی کا درآمدی بوجھ کم کرنے اور ادائیگیوں کے توازن وتجارت کو بہتر بنانے میں مددملے گی۔

متعلقہ عنوان :