سوائن فلو وائرس ایک اور خاتون کی زندگی نگل گیا

ہفتہ 19 دسمبر 2009 15:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 19دسمبر۔ 2009ء)کراچی میں سوائن فلو میں مبتلا مریضہ انتقال کرگئیں جس کے بعداب تک سوائن فلو کے باعث ہلاک ہونے والوں کی تعداد تین ہوگئی ہے۔سوائن فلو کے باعث انتقال کرجانے والی پچیس سالہ مریضہ ڈیفنس فیز ٹو کی رہائشی اور چھ ماہ کی حاملہ ہے جو ایچ ون این ون پوزیٹو تھی اور کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھی۔

(جاری ہے)

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق سندھ اب تک سوائن فلو کے چھ کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ آغا خان اسپتال اور دیگر ذرائع کے مطابق سوائن فلو کے کیسز کی تعداد تیس سے تجاوز کرگئی ہے۔کراچی کے مختلف اسپتالوں میں سوائن فلو کے دو مریض زیر علاج ہے جن میں ایک نرس اور ایک ڈاکٹر شامل ہیں۔صوبائی محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق سوائن ویکسین دستیاب نہ ہونے کے باعث مرض کو کنٹرول کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔وفاقی وزارت صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں ماہ کے آخر یا جنوری کے ابتدائی ہفتوں میں سوائن فلو کی پچیس سے تیس لاکھ ڈوز پہنچ جائے گی۔