فون ڈیٹا جمع کرنا غیر قانونی عمل ہے ، امریکی پرائیویسی پینل

جمعہ 24 جنوری 2014 12:46

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24جنوری 2014ء)حکومت کے ایک خودمختار ادارے نے نیشنل سکیورٹی ایجنسی (این ایس اے) کی جانب سے معلومات تک رسائی کے عمل اور امریکیوں کے ٹیلی فون کی خفیہ نگرانی کے ادارے پر اپنی رپورٹ میں پروگرام پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کردیا غیر ملکی میڈیا کے مطابق کانگریس کے حقِ آزادی ِ رائے اور شہری حقوق سے متعلق ایک خودمختار ادارے دی پرائیویسی اینڈ سول لبرٹیز اوورسائیٹ بورڈ کی جانب سے کہا گیا کہ نیشنل سیکورٹی ایجنسی کی جانب سے امریکیوں کے فون کی نگرانی ایک غلط عمل اور امریکی آئین کی خلاف ورزی ہے جس کی رو سے امریکیوں کو آزادی ِ رائے کا حق حاصل ہے اور جو امریکی شہریوں کی کسی ٹھوس وجہ کے بغیر تلاشی اور انہیں گرفتار کرنے پر ممانعت لاگو کرتا ہے۔

(جاری ہے)

نیو یارک ٹائمز اوردی واشنگٹن پوسٹ میں شائع کی گئی خبر پر تاحال کوئی سرکاری موقف سامنے نہیں آیا۔ماہرین کے مطابق کانگریس کی جانب سے قائم کیے گئے خودمختار ادارے کی رپورٹ کے بعد امریکہ میں خفیہ نگرانی سے متعلق وہ بحث طول پکڑ لے گی جس نے گذشتہ دو تین ماہ سے امریکہ کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔