پچھلے دو سال کی ماہانہ اوسط کے مقابلے میں حالیہ دو ماہ کے دوران فلسطینی بچوں کی گرفتاریوں میں 80 فیصد اضافہ ہوا ،یورو مڈ آبزرور برائے انسانی حقوق

منگل 18 مارچ 2014 14:46

جنیوا (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18مارچ 2014ء) یورو مڈ آبزرور برائے انسانی حقوق نے کہا ہے کہ پچھلے دو سال کی ماہانہ اوسط کے مقابلے میں حالیہ دو ماہ کے دوران اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینی بچوں کی گرفتاریوں میں 80 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قابض اسرائیلی فوج نے اس سال کے پہلے دو ماہ کے دوران 740 فلسطینی بچوں کو اغوا کیا جن میں 465 بچوں کو ایک ہفتہ یا اس سے زیادہ دیر کیلئے حراست میں رکھا گیا ۔

جنیوا میں قائم انسانی حقوق کے گروپ کے مطابق اسرائیلی جیل انتظامیہ سے لئے جانیوالے ڈیٹا کے مطابق بچوں کی گرفتاری کی سال 2013 میں ماہانہ اوسط تقریبا 200 تھی جبکہ سال 2012 میں 197 تھی مگر اس سال کے پہلے مہینے میں 350 بچوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ فروری کے مہینے میں 390 بچوں کو حراست میں لیا گیا جن میں 465 بچوں کو ایک ہفتہ یا اس سے زیادہ دیر کیلئے حراست میں رکھا گیا تھا۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق ان بچوں میں سے اکثر بچے اسرائیلی فوج پر پتھراؤ کرنے، یہودی آبادکاری کے منصوبوں کیخلاف احتجاج کرنے یا دیواروں پر اسرائیل کیخلاف نعرے لکھنے کے الزام میں حراست میں لئے گئے تھے۔گرفتاری کے عمل کے دوران اسرائیلی پولیس یا فوج نے تمام حراستوں میں ہی بچوں کے والدین یا کسی بھی رشتہ دار کو یہ نہیں بتایا کہ وہ ان کے بچوں کو کہاں لے کر جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :