گومل یو نیورسٹی میں ماہ آزادی کی تقریبات کا آغاز کردیا گیا

بدھ 6 اگست 2014 19:21

ڈیرہ اسما عیل خان(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6اگست 2014ء) گومل یو نیورسٹی میں ماہ آزادی کی تقریبات کا آغاز کردیا گیا، اس سلسلے میں افتتاحی تقریب وائس چانسلر سیکریٹریٹ میں منعقد ہوئی جس میں یو نیو رسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عنایت اللہ خان بابر نے قومی پرچم لہرا کر تقریبات کاافتتاح کیا، یو نیو رسٹی کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر نجیب اللہ خان، ڈین آف آرٹس پروفیسر ڈاکٹر عمر علی خان، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر اللہ نواز خان ، ڈائریکٹر اکیڈیمکس ڈاکٹر صفدر بلوچ اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے، وائس چانسلر نے کہا کہ پاکستان ہمارے اسلاف کی نشانی ہی نہیں بلکہ یہ قدرت کا ہم پر بہت بڑا احسان بھی ہے، انہوں نے کہا کہ جن قوموں کے پاس آزاد وطن نہیں اور اور دیگر اقوام کی غلام ہیں ان سے آزادی کی قدر و منزلت کا پوچھیں تو ہمیں احساس ہوگا کہ خدا نے ہمیں پاکستان کی صورت میں ایک عظیم ملک اور باعزت زندگی دی ہے، انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو اس بات سے روشناس کرانا کہ یہ ملک کس لیئے اور کس قدر قربانیوں سے حاصل کیا گیا ہم سب کی زمہ داری ہے، انہوں نے کہا کہ ہمیں آج یہ عہد کرنا ہوگا کہ اس ملک کی سربلندی، نظریہ پاکستان کے تحفط اور اس ملک کے عوام کی خوشحالی کے لیئے ماضی کی غلطیوں سے سبق حاصل کریں گے اور نئے عزم سے اپنا مثبت کردار ادا کریں گے، انہوں نے کہا کہ علم کے حصول پر توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے، ہمارے نوجوان باصلاحیت ہیں ان کی درست سمت میں رہنمائی ہم پر اس ملک اور نئی نسل کا قرض ہے اور اگر اس میں ہم نے غفلت برتی تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی