پختونوں بد قسمتی سے ہر سیاسی پارٹی پر اندھا اعتماد کرکے ووٹ دیتے ہیں ،سید کمال شاہ

جمعہ 3 اکتوبر 2014 17:52

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3 اکتوبر۔2014ء) امن جرگہ خیبر پختونخوا کے چیئرمین سید کمال شاہ نے کل پشاور میں بس دھماکہ میں 7بے گناہ مسافروں کی شہادت اور کئی افراد کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں ایک بار پھر دہشت گردی کی لہر اُٹھ کھڑی ہوئی ہے اور روزانہ تخریب کاری کے واقعات میں بے گناہ افراد لقمہ اجل بن رہے ہیں ۔

گزشتہ روز شبقدر میں ایک نجی سکول میں دہشت گردی کے واقعہ میں ایک معلمہ شہید ہو گئی اور سکول میں پڑھنے والی بچی زخمی ہو گئی ہے۔ سید کمال شاہ نے کہا کہ پختونوں کی بد قسمتی یہ ہے کہ وہ ہر سیاسی پارٹی پر اندھا اعتماد کرکے ووٹ دیتے ہیں اور بدلے میں ان کو دہشت گردی، مہنگائی، بے روزگاری ، بھتہ خوری اور کرپشن ملتی ہے۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کو بھی پختونوں نے مینڈیٹ دے کر تبدیلی اور نئے پاکستان کی آس لگائے بیٹھے تھے لیکن ایک بار پھر اس بھاری مینڈیٹ کا اُلٹا ردِ عمل ہوا اور اب پختون ایک بار پھر پریشان حال ہیں اور ان کو سمجھ نہیں آرہا کہ وہ مستقبل میں کس کو رہنما بنا کر ووٹ دیں۔

تحریک انصاف کو دھرنوں اور احتجاج کی سیاست ترک کرکے صوبے کے اصل مسائل حل کرنے چاہیے۔ جن میں سرفہرست امن کا قیام، ٹارگٹ کلینگ، بھتہ خوری، کرپشن کا خاتمہ، صحت و تعلیم، مہنگائی اور بے روزگاری کا خاتمہ ہے۔

متعلقہ عنوان :