ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ریکٹر مقرر ، جامعہ آمد پر پرتپاک استقبال

جمعہ 3 اکتوبر 2014 17:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3 اکتوبر۔2014ء)صدر مملکت ممنون حسین نے پروفیسر ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی کو بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کا ریکٹر مقرر کر دیا ہے۔ صدر مملکت نے وزیر اعظم کی ایڈوائس پر ڈاکٹر معصوم کی جامعہ میں بطور ریکٹر تعیناتی کی منظوری دی۔ ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی کا شمار دنیا بھر کے صف اول کے نمایاں ترین سائنسدانوں میں ہوتا ہے اور گزشتہ تین سال سے وہ جامعہ میں قائم مقام ریکٹر کے طور پر خدمات سر انجام دے رہے تھے۔

انہوں نے اپنی تحقیقی و تدریسی سرگرمیوں کا آغاز 1980 میں بلوچستان یونیورسٹی سے کیا جس کے بعد انہوں نے بلوچستان یونیورسٹی اور قائد اعظم یونیورسٹی میں بطور وائس چانسلر خدمات سر انجام دیں جہاں انہوں نے انتظامی امور میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور دونوں جامعات کو ترقی کی صف میں نمایاں مقام پر لے آئے جبکہ اسلامی یونیورسٹی میں بطور قائمقام ریکٹر تعیناتی کے دوران انہوں نے ذاتی کاوشوں کے ذریعے جامعہ میں سول انجینئرنگ کے ڈگری پروگرام اور سنٹر فار انٹر ڈسپلنری ریسرچ ان بیسک سائنسز کی بنیاد رکھی۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی کے عہدیداران نے ڈاکٹر معصوم یسین زئی کی تعیناتی کو جامعہ کی ترقی کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریکٹر جامعہ اور پھر گزشتہ دنوں صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش کی بطور صدر جامعہ تعیناتی جامعہ کی خوش قسمتی ہے جس سے اب جامعہ دیرپا پالیسیاں مرتب کر سکے گی۔ ادھر ڈاکٹر معصوم یسین زئی کا جمعہ کے روز یونیورسٹی پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا جبکہ ان کو مبارکباد دینے کے حوالے سے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے منتظم ڈائریکٹر جنرل و انتظامی و مالیاتی امور گلزار احمد خواجہ تھے۔

اس تقریب میں جامعہ کے تمام ڈائریکٹر جنرل، ڈینز سمیت انتظامی افسران و دیگر کئی ملازمین نے شرکت کی۔ اس موقع پر گلزار احمد خواجہ نے ریکٹر جامعہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ اسلامی یونیورسٹی کو اب مستقل اور جامع قیادت ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی اور ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش کی شکل میں مل گئی ہے اور حج اکبر پر یہ اہم خبر جامعہ کے لیے اور بھی خوش آئند ثابت ہوئی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں شخصیات کے ویژن کی روشنی میں جامعہ ترقی کی منازل مزید برق رفتاری سے طے کرے گی۔ اس موقع پر جامعہ کے ڈینز نے ریکٹر اسلامی یونیورسٹی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹر معصوم کی قیادت میں تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا جبکہ انہوں نے شعبہ تحقیق و سائنس میں ریکٹر جامعہ کی خدمات کو بھی سراہا۔ اس موقع پر جامعہ کے ڈائریکٹرز نے ڈاکٹر معصوم یٰسین کی تکنیکی اور انتظامی امور میں صلاحیتوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ جامعہ ان کی قیادت میں صف اول کی بین الاقوامی جامعات میں اپنا منفرد مقام حاصل کرے گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے جملہ شرکاء کا مبارکباد دینے پر شکریہ ادا کیا جبکہ انہوں نے صدر پاکستان اور جامعہ کے پروچانسلر ڈاکٹر سلیمان عبداللہ اباالخیل کے تعاون کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی یونیوراٹی کی انٹرنیشنلائزیشن ہماری اولین ترجیح ہے اور اس کی ترقی کے لیے امت مسلمہ کے لیڈران اور معاشرے کی انسان دوست شخصیات سے بھی روابط تیز کیے جائیں گے تاکہ اس مادر علمی کو امت مسلمہ کی پہچان کا حقیقی ذریعہ بنایا جا سکے۔

اس موقع پر انہوں نے جامعہ کی فلاح و ترقی کے لیے ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش کی خدمات کو بھی سراہا اور تمام ملازمین پر زور دیا کہ ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے۔ ریکٹر جامعہ نے شرکاء پر زور دیا کہ جامعہ میں باہمی احترام کو فروغ دیا جائے اور ہر دن کو جامعہ کی ترقی کی غرض سے کیے جانے والے اقدامات کے ذریعے تعمیری بنایا جاے ۔ ڈاکٹر معصوم یسین زئی کاکہنا تھا کہ اسلامی یونیورسٹی کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کے لیے 04 میگاواٹ شمسی توانائی جیسے منصوبے سرفہرست ہیں جن کو عملی شکل دینے لیے اقدامات کوتیز کیا جائے گا جن سے نہ صرف جامعہ ایک نمایاں مقام حاصل کرے گی بلکہ اس سے یونیورسٹی کی معاشی ترقی کو بھی فروغ ملے گا۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اپنے سابقہ انتظامی تجربہ کا بھرپور استعمال کریں گے اور یونیورسٹی کے معاملات میں رہنمائی کے لیے تمام ملازمین انہیں ہمہ وقت دستیاب پائیں گے۔ ریکٹر اسلامی یونیورسٹی نے کہا کہ جامعہ کے محققین دراصل یونیورسٹی کا بیش قیمت سرمایہ ہیں اور ان پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور اس زمرے میں تدریس او ر تحقیق میں توازن پیدا کرنے کے لیے اقدامات ترجیحی بنیادوں پر اٹھائے جائیں گے۔