ایبولا کا تدارک، اوباما کا بان کی مون سے تبادلہ خیال

بدھ 15 اکتوبر 2014 11:50

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 اکتوبر۔2014ء)امریکی صدر براک اوباما نے مغربی افریقہ میں پھیلنے والے خوفناک مرض ای بولا کے خلاف عالمی سطح پر توانا کوششیں کرنے کے لیے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون سے سے بات چیت کی ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دونوں رہنماوں نے اس موقع پر عالمی برادری سے ای بولا متاثرین اور متاثرہ علاقوں کے لیے سرعت سے مدد اور طبی معاونت کی ضرورت پر اتفاق کیا۔

(جاری ہے)

وائٹ ہاوس کی طرف اس بارے میں جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا کہ ایبولا کے حوالے سے اس خطرناک مرحلے پر بین الاقوامی برادری کو اپنی ذمہ داری پوری کرنا چاہیے،اس موقع پر صدر اوباما نے اقوام متحدہ کے رکن ملکوں پر بھی زور دیا کہ اس عالمی چیلنج سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کی مدد کریں۔ اس حوالے سے افرادی قوت، اور طبی آلات کے حوالے سے بھی کردار کیا جا سکتا ہے۔

صدر اوباما نے اس حوالے قومی سلامتی اور ہیلتھ پالیسی سے متعلق اداروں کے حکام کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔ اس موقع پر ایبولا کی تشخیص اور دیگر تفصیلات پر بات کی گئی۔اوباما کو متعلقہ اداروں نے تازہ ترین اقدامات کے بارے میں بریف کیا۔ صدر کا کہنا تھا کہ اس مہلک مرض کے بارے میں تحقیقی عمل کو تیز تر کرنے کی ضرورت ہے۔