ایبولا وائرس ‘امریکہ کا سرالیون ، گنی اور لائیبریا سے تعلق رکھنے والے غیر قانونی تارکین وطن کو ملک بدر نہ کرنے کا فیصلہ

جمعہ 21 نومبر 2014 12:46

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 21نومبر 2014ء) امریکہ نے ایبولا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر افریقی ممالک سرالیون ، گنی اور لائیبریا سے تعلق رکھنے والے غیر قانونی تارکین وطن کو ملک بدر نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ امریکی ادارے سٹیزن شپ اینڈ امیگریشن سروسز کی طرف سے جاری بیان کے مطابق مذکورہ ممالک سے تعلق رکھنے والے غیر قانونی تارکین وطن کو خصوصی رعایت کے تحت نہ صرف ڈیڑھ سال تک ملک بدر نہیں کیا جائیگا بلکہ انہیں ورک پرمٹ بھی دیئے جائیں گے۔

بیان میں ان ممالک سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن سے کہا گیا ہے کہ وہ آئندہ سال 20مئی تک اس رعایت سے فائدہ اٹھانے کیلئے درخواستیں دے سکتے ہیں۔دوسری جانب پینٹاگون کے ترجمان ریئر ایڈمرل جان کربی نے جاری کردہ بیان میں کہا کہ لائبیریا میں تعینات امریکی فوجی مشن کو ایبولا کے مریضوں سے براہ راست نہ ملنے کی ہدایات دی گئی ہیں تاکہ فوجیوں کو اس وائرس کے حملے سے بچایا جا سکے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ کہ لائبیریا میں میں 2350 امریکی فوجی تعینات ہیں، جن کا کام ہسپتالوں کی تعمیر اور طبی عملے کی تربیت میں مدد فراہم کرنا ہے۔امریکی فوج کی اس پالیسی کو تنقید کا سامنا ہے ۔ ایبولا کے شکار ممالک میں کام کرنے والے امریکی ڈاکٹروں اور طبی عملے کے حوالے سے متعدد خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے