قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مشتاق محمد نے زندگی کی 71بہاریں دیکھ لیں

ہفتہ 22 نومبر 2014 14:45

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مشتاق محمد نے زندگی کی 71بہاریں دیکھ لیں

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار -22نومبر 2014ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اوپننگ بلے باز اور لیگ بریک باؤلر مشتاق محمد نے زندگی کی 71بہاریں دیکھ لیں ہیں ۔ 22نومبر 1943ء کو بھارتی ریاست گجرات کے علاقے جوناگڑھ میں پید ا ہوئے ۔ انہوں نے اپنے فرسٹ کلاس کیریئر کا آغاز 13سال اور 41جن کی عمر میں کیا اور پہلے میچ میں 87سکور کرنے کے ساتھ ساتھ 28رنز دیکر 5کھلاڑیوں کو پوویلین واپس بھیجا ۔

مشتاق محمد نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز 26مارچ 1959ء کو 15سال اور 124دن کی عمر میں لاہورمیں کیا۔ وہ اپنے دور میں ٹیسٹ ڈبیو اور سنچری کرنیوالے کم عمر ترین کرکٹر تھے ۔ انہوں نے 1976-77سے 1978-79ء قومی ٹیم کی قیادت بھی کی ۔ انہوں نے 20سال پر محیط اپنے ٹیسٹ کیریئر کے دورا ن 57ٹیسٹ میچوں میں 39.17کی اوسط سے 3643بنائے جس میں 10سنچریاں اور 19نصف سنچریاں شامل تھیں ۔

(جاری ہے)

ٹیسٹ میچز میں انکا زیادہ سے زیادہ سکور 201رنز تھا جو انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف 1973ء میں بنایا تھا ۔وہ ویسٹ انڈیز کے ڈینس ایٹکنسن کے بعد ٹیسٹ میچ میں ڈبل سنچری کرنے اور پانچ وکٹیں لینے والے دوسرے کھلاڑی ہیں۔ٹیسٹ کرکٹ میں انہوں نے اپنی باؤلنگ سے ٹیسٹ میچز میں مخالف ٹیم کے 79بلے بازو ں کو پوویلین واپس بھیجا ۔ انہوں نے 1966ء سے 1977ء انگلش کاؤنٹی میں نارتھمپٹن شائر کی بھی نمائندگی کی۔

اپنے 502فرسٹ کلاس میچز میں مشتاق محمد نے 42.07کی اوسط سے 31091رنز سکور کیے جن میں 72سنچریاں اور 159نصف سنچریاں شامل تھیں ۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں انکا سب سے بڑا سکور 303رنز ناٹ آؤٹ تھا جو انہوں نے ٹارتھمپٹن شائر کی طرف سے بنایا تھا ۔ وہ پاکستان کی جانب سے 25000فرسٹ کلاس رنز بنانیوالے پہلے کھلاڑی تھے ۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں انہوں نے اپنی لیگ بریک باؤلنگ سے 936کھلاڑیوں کو پوویلین واپس بھیجا ۔

متعلقہ عنوان :