انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے تاج محل قدیم مندر کا حصہ قرار

منگل 9 دسمبر 2014 17:51

انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے تاج محل قدیم مندر کا حصہ قرار

آگرہ(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 09 دسمبر 2014ء)انتہا پسند جماعت بی جے پی نے بابری مسجد کے بعد تاج محل کے خلاف جال بننا شروع کردیا۔ بی جے پی رہنما لکشمی کانت نے تاج محل کو قدیم مندرکا حصہ قرار دے دیا۔بھارتی میڈیاکے مطابق ہندو دہشتگرد جماعت آر ایس ایس کی گود میں پروان چڑھنے والی انتہا پسند جماعت بی جے پی نے اپنا اصل رنگ ڈھنگ دکھانا شروع کردیا۔

ایک کے بعد ایک متنازع اقدام اور مطالبات نے بی جے پی کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ سشما سوراج نے گیتا کو قومی کتاب کا درجہ دینے کی خواہش ظاہر کی تو وزیر تعلیم سمرتی ایرانی نے سنسکرت کو زبردستی اسکول کے نصاب میں داخل کردیا۔اترپردیش میں بی جے پی کے صدر ایک نئے دعوے کے ساتھ سامنے آئے ہیں اور اس بار تاج محل کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ بی جے پی رہنما لکشمی کانت کا کہنا ہے کہ فن تعمیر کا یہ نمونہ دراصل ایک قدیم مندر کا حصہ ہے جو ہندو راجہ جے سنگھ نے بنوایا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ شاہ جہان نے قدیم مندر تیجو مہالیا کی زمین راجا جے سنگھ سے خریدی اور ان کے پاس اس کے دستاویز بھی ہیں۔