ہسپانوی فٹبال کلب ریال میڈرڈ نے ارجنٹائن کے کلب سان لورینزو کو شکست دیکر فیفا کلب ورلڈ کپ کا فائنل جیت لیا

پیر 22 دسمبر 2014 12:02

ہسپانوی فٹبال کلب ریال میڈرڈ نے ارجنٹائن کے کلب سان لورینزو کو شکست ..

میڈرڈ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 دسمبر 2014ء) ہسپانوی فٹبال کلب ریال میڈرڈ نے ارجنٹائن کے کلب سان لورینزو کو شکست دے کر فیفا کلب ورلڈ کپ کا فائنل جیت لیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق افریقی ملک مراکش کے شہر مراکیش میں کھیلے جانے والے میچ میں چیمپیئنز لیگ، کوپا ڈیل رے اور یورپی سپر کپ کے فاتح کلب نے دو صفر سے فتح حاصل کی۔ریال میڈرڈ نے میچ کے 37ویں منٹ میں سرجیو راموس کے گول کی بدولت برتری حاصل کی۔

51ویں منٹ میں سان لورینزو کے گول کیپر کی غلطی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے گیرتھ بیل نے ریال میڈرڈ کی برتری دوگنی کر دی اور یہ برتری میچ کے آخر تک قائم رہی۔جنوبی امریکی کلبوں کے مقابلوں کی چیمپیئن ٹیم یورپی چیمپیئنز کا مقابلہ نہ کر سکی اور میچ ایک حد تک یکطرفہ رہا یہ لگاتار 22 واں میچ تھا جس میں ریال میڈرڈ کی ٹیم فتح یاب ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

میچ کیلئے ریال میڈرڈ کے مینیجر کارلوس اینسلوٹی نے ایک مضبوط ٹیم میدان میں اتاری جس میں کرسچیانو رونالڈو، گیرتھ بیل، جیمز راودریگز اور کریم بینزیما جیسے فٹبالر بھی شامل تھے۔

ورلڈ کلب کلب کے فائنل سے قبل تیسری پوزیشن کے میچ میں نیوزی لینڈ کے کلب آکلینڈ سٹی نے میکسیکو کے کلب کروز آزول کو پنلٹی شوٹ آوٴٹ میں شکست دی۔ مقررہ وقت میں یہ میچ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا۔

متعلقہ عنوان :