بھا رتی گدھوں کو خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ

جمعہ 9 جنوری 2015 13:14

بھا رتی گدھوں کو خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ

بنگلور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 جنوری 2015ء )بھارت میں ایک سیاست دان نے ایک خصوصی تقریب میں دو گدھوں کو ان کی محنت اور وفاداری پر ایوارڈ دیا ہے۔بھارت کے نجی ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق بنگلور میں ایک علاقائی سیاسی جماعت کے رہنما وتل ناگاراج نے دونوں گدھوں کو ایوارڈ دیے ہیں۔وتل ناگاراج کے مطابق:’میں نے گدھوں، کتوں، بھینسوں، گائیں اور بیلوں سمیت گھریلو جانوروں کو عزت دینے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ یہ انسانوں سے زیادہ وفا دار، زیادہ محنت کرنے والے، منظم اور فرمانبردار ہوتے ہیں۔

‘وتل ناگاراج نے شہر کے ایک بس سٹیشن پر منعقد ہونے والی تقریب میں گدھوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ان کو رنگدار موتیوں اور چادروں سے سجایا گیا۔وتل ناگاراج کے مطابق بھارت میں گدھوں کا استعمال کثرت سے ہوتا ہے لیکن ان پر توجہ نہیں دی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

’کوئی درخواست طلب نہیں کی گئی تھی اور نہ ہی کوئی درخواست موصول ہوئی اور امیدواروں کو منتخب کرنے کے لیے ججوں کی کوئی کیمٹی نہیں تھی اور یہ دنیا میں ایوارڈ دینے کی سب سے منفرد تقریب ہے اور مستقبل میں بنگلور میں جانوروں کو مزید انعامات دیے جائیں گے۔وتل ناگاراج نے وعدہ کیا کہ وہ ان گدھوں کی خدمات کے اعتراف میں ہر ماہ ان کی عزت افزائی کریں گے۔وتل ناگاراج اپنے انوکھے اقدامات کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں۔