وفاقی اردو یونیورسٹی میں سیرت چیئر کا قیام شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال کا سنہری کارنامہ ہے،بزم فروغ ادب

ہفتہ 10 جنوری 2015 16:38

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 جنوری 2015ء)بزم فروغ ادب و فن کے سیکریٹری سید فرید حسین اور عہدیداران نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وفاقی اردو یونیورسٹی میں سیرت چیئر کا قیام شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال کا سنہری کارنامہ ہے۔ اردو یونیورسٹی میں ماہ نامہ ترجمان کی پابندی کے ساتھ اشاعت ایک اہم دستاویز ہے جس میں اردو یونیورسٹی کی تمام سرگرمیوں کو دلنشین انداز میں پیش کیا جاتا ہے۔

سید فرید حسین نے کہا کہ اردو یونیورسٹی میں اردو کے پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال کی موجودگی سے نہ صرف اردو ادب کو فروغ مل رہا ہے بلکہ دنیائے اردو میں یہ ایک عمدہ پیشرفت ہے۔ بزم کے سرپرست پروفیسر ڈاکٹر عفعان سلجوق نے کہا ہے کہ پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال پروفیسر ڈاکٹر غلام مصطفےٰ خان کے شاگرد ہیں اور وہ دنیائے ادب میں ایک انتہائی محترم شخصیت کے مالک ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے صدر مملکت ممنون حسین چانسلر اردو یونیورسٹی سے اپیل کی ہے کہ اردو یونیورسٹی میں سیرت چیئر کو زیادہ موثر اور فعال بنانے کیلئے کلیدی کردار ادا کریں ۔ بزم کے عہدیداران اور اراکین نے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال کی اردو دوستی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی موجودگی سے قومی زبان کو تقویت ملے گی اور اردو زبان و ادب کو پھلنے پھولنے کا موقع ملے گا۔