کاشتکار فصل سے فی ایکڑ زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے کپاس کی منظور شدہ بی ٹی اقسام 15مئی تک کاشت کریں‘ترجمان محکمہ زراعت

جمعرات 23 اپریل 2015 22:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23اپریل۔2015ء ) محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق صوبہ پنجاب میں کپاس کی کاشت کا آغاز ہو چکا ہے اور اس سال 2013-14ء کی 9.145ملین بیلز کپاس کی پیداوار کے مقابلے میں زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے لیے موثر حکمت عملی مرتب کی گئی ہے ۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق کاشتکار فصل سے فی ایکڑ زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے لیے کپاس کی منظور شدہ بی ٹی اقسام 15مئی تک کاشت کریں۔

ترجمان کے مطابق بوائی سے پہلے بیج کوزہر آلود کریں تاکہ فصل ایک ماہ تک رس چوسنے والے کیڑوں خاص طور پر سفید مکھی کے حملہ سے محفوظ رہے جو پتہ مروڑ وائرس کی بیماری کا سبب بنتی ہے ۔ترجمان کے مطابق بیج کے چناؤ کے لیے بیج کو پانی کی بالٹی یا ٹب میں ڈال دیں۔تیرنے والے بیج الگ کر لیں اور صرف نیچے بیٹھ جانے والے بیج ہی بوائی کے لیے استعمال کریں۔

(جاری ہے)

بوائی سے پہلے بیج سے بُر اتارنے کے لیے گندھک کا تجارتی تیزاب بحساب ایک لٹر فی 10کلو گرام بیج استعمال کریں۔بیج سے تیزاب نکل جانے کا یقین کرنے کے لیے لٹمس پیپر استعمال کریں۔اگر لٹمس پیپر کا رنگ سرخ نہ ہو تو سمجھ لیں کہ بیج میں تیزاب باقی نہیں رہا۔ترجمان نے مزید بتایا کہ کھیلیوں پر کپاس کی کاشت کے لیے منظور شدہ بی ٹی اقسام کا بُر اترا ہوا بیج 6سے 8کلو گرام جبکہ ڈرل سے کاشت کے لیے 8سے 10کلو گرام بر اتراہوابیج فی ایکڑ استعمال کریں۔