بنجر زمینوں پر فش فارم بنا ئے جا سکتے ہیں،زرعی ماہرین

منگل 11 اگست 2015 13:05

فیصل آباد ۔11 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 اگست۔2015ء) زرعی ماہرین نے کہا ہے کہ فش فارم بنا کر بنجر زمینوں کو کارآمد بنایا جا سکتا ہے جبکہ درخت لگانے سے بھی بنجر زمینوں میں ذرخیزی لائی جا سکتی ہے۔انہوں نے بتایاکہ مذکورہ اقدام کیلئے جہاں جامعہ زرعیہ کے ماہرین زراعت ، زرعی سائنسدان اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں وہیں ان کی سفارش پر محکمہ ماہی پروری نے بھی کاشتکاروں کیلئے بلامعاوضہ مشاورتی و تکنیکی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ۔

انہوں نے بتایاکہ فش فارمنگ سے نہ صرف انسانی خوراک میں لحمیات کی کمی کو پورا کیا جا سکتاہے بلکہ اس سے کاشتکاروں کی آمدنی میں بھی خاطر خواہ اضافہ ممکن ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ کاشتکاروں کو فش فارمنگ کے جدید طریقوں سے روشناس کروانے کے لئے جامعہ زرعیہ اور محکمہ ماہی پروری کے اشتراک سے ڈویژن ، ضلع ، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر تربیتی سیمینارز کا انعقاد کرنے کیلئے حکمت عملی مرتب کی جا رہی ہے جس کے انتہائی مفید اثرات مرتب ہوں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ ناکارہ اور بنجر زمینوں میں درخت لگانے سے بھی ذرخیزی آ جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسان ، کاشتکار ، زمیندار زمین کی ساخت اور ماحول کے مطابق ماہرین زراعت کے مشورہ سے ایسے درختوں کا انتخاب کریں جو بیک وقت غذ ا ، ایندھن ، جنگلی حیات کے فروغ اور بنجر زمینوں کی ذرخیزی کیلئے مفید ثابت ہو سکیں ۔