کپاس کی فصل پر سفید مکھی کا انسداد کرکے کاٹن لیف کرل وائرس پر قابو پا یا جا سکتا ہے ،ترجمان محکمہ زراعت

منگل 11 اگست 2015 13:06

فیصل آباد ۔11 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 اگست۔2015ء) کپاس کے کاشتکارفصل پر سفید مکھی کا انسداد کرکے کاٹن لیف کرل وائرس پر قابو پا سکتے ہیں۔ محکمہ زراعت فیصل آباد ڈویژن کے ترجمان نے بتایاکہ میزبان پودے اور جڑی بوٹیاں سفید مکھی کی افزائش کا سبب بنتی ہیں جو کپاس پر وائرس کے پھیلاؤ میں مددگار ہے جبکہ وائرس کی متبادل میزبان خوراکی جڑی بوٹیوں میں مکو، لیہہ، لیہلی، کرنڈ، لینٹانا، ہزاردانی، رتن جوت، پٹھ کنڈا، اَک اور اِٹ سِٹ وغیرہ شامل ہیں لہٰذا ان جڑی بوٹیوں کی تلفی کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار کپاس کی سفید مکھی کے متبادل میزبان خوراکی پودوں مثلاً بھنڈی، آلو، تمباکو، بینگن، حلوہ کدو، کھیرا، تر، کریلا، ٹماٹر، تربوز، ٹینڈا، خربوزہ، سورج مکھی اور مرچ پر سفید مکھی کے کنٹرول پر خصوصی توجہ دیں تاکہ سفید مکھی ان پر پرورش پاکر کپاس کے کھیتوں پر حملہ کرنے اور وائرس پھیلانے کا سبب نہ بن سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ سفید مکھی کے انسداد کے لئے مختلف کیڑے مار زہروں کے ساتھ ساتھ حیاتیاتی انسداد کا زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے اور اس سلسلے میں کسان دوست کیڑوں کو زیادہ سے زیادہ بڑھایا جائے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار سفید مکھی کے کنٹرول کیلئے ایک ہی قسم کی زہر بار بار استعمال نہ کریں۔