کراچی: 280 ایکڑ زمینوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ اور ریگیولرائزیشن منسوخ

ہفتہ 5 ستمبر 2015 22:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 ستمبر۔2015ء)محکمہ لینڈ یوٹیلائزیشن سندھ نے کراچی کی 280 ایکڑ زمینوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ اور ریگیولرائزیشن منسوخ کر دی ہے، غیر قانونی طور پر الاٹ شدہ زمینوں کی منسوخی کے لئے 23 نوٹی فیکشنز جاری کر دئیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

محکمہ لینڈ یوٹیلائزیشن سندھ نے کراچی میں غیر قانونی طور پر زمینوں کی الاٹمنٹ اور ریگولرائزیشن کی منسوخی کا کام شروع کر دیا ہے، منسوخ کی گئی زمین میں 100 ایکڑ صنعتی اراضی بھی شامل ہے جسے وزیر اعلی سندھ کی منظوری کے بغیر رہائشی اور تجارتی مقاصد کے لئے استعمال کی اجازت دی گئی تھی۔

مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بغیر بحال کی گئی 14 ایکڑ زمین کی الاٹمنٹ بھی منسوخ کر دی گئی ہے، جبکہ جعلی کاغذات پر الاٹ کی گئی 10 ایکڑ زمین کی ریگیولرائزیشن منسوخ کرکے الاٹی کے جمع کردہ 31 لاکھ روپے بھی ضبط کر لئے گئے، مرید گوٹھ، صابرہ گوٹھ اور ملک گوٹھ کی 80 ایکڑ زمین کی الاٹمنٹ بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی کارروائی سے بچنے کے لئے افسران نے ریکارڈ درست کرنا شروع کر دیا ہے۔