کوہاٹ ، تخریب کاری کا منصوبہ ناکام ، ریموٹ کنٹرول بم برآمد کر کے ناکارہ بنا دیا گیا

بدھ 9 ستمبر 2015 23:25

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 ستمبر۔2015ء )کوہاٹ میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام ، ریموٹ کنٹرول بم برآمد کر کے ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔بدھ کو پولیس ذرائع کے مطابق حساس ادارے کی اطلاع پر کوہاٹ ہنگو روڈ کے علاقہ نصرت خیل کی پہاڑوں میں کاروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ کینٹ انسپکٹر عمر حیات نے پولیس بم ڈسپوذل سکواڈ کی مدد سے دو کلو وزنی ریموٹ کنٹرول بم برآمد کرکے ناکارہ بنا دیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کے بقول دیسی ساختہ ریموٹ کنٹرول بم نامعلوم تخریب کاروں کی طرف سے دہشتگردی کے کسی منصوبے کیلئے نصب کیا گیا تھا ۔پولیس کی بم ڈسپوذل سکواڈ کے انچارج حیثیت علی نے بتایا کہ بم میں ہائی ایکسپلوزیو دھماکہ خیز مواد کے علاوہ نٹ بولٹ اور چھرے استعمال کئے گئے تھے جبکہ بم میں موجودالیکٹرک ڈیٹونیٹر کو دھماکہ کرنے کے ریموٹ ڈیوائس سے منسلک کیا گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ موقع سے ریموٹ ریسیور،9وولٹ کی بیٹری ،پرائما کارڈ اور بارودی تار بھی برآمد ہوا ہے جسکے پھٹنے سے جانی و مالی نقصان کاخدشہ تھا۔