اگر شہر میں سرکاری اسکولز کا نظا م ٹھیک ہو جائے تو والدین کو پرائیویٹ اسکولز میں بھاری فیس ادا نہیں کرنی پڑے گی،علی زیدی

جمعہ 11 ستمبر 2015 23:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 ستمبر۔2015ء )پاکستان تحریک انصاف کراچی ریجن کے آرگنائزر علی زیدی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف پرائیویٹ اسکولز کی جانب سے بڑھائی جانے والی فیس کے خلاف والدین کے احتجاج کی بھر پور حمایت کرتے ہیں۔ پرائیویٹ اسکولز کی جانب سے بڑھائی جانے والی فیس عوام کے ساتھ سراسر ظلم و زیادتی ہے،وہ جمعہ کو میڈیا سیل کراچی کے دفتر میں مختلف پرائیویٹ اسکول کے بچوں کے والدین کے وفد ملاقات کے موقع پر بات چیت کررہے تھے،انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے پرائیویٹ اسکولز بے لگام گھوڑے کی مانند ہو گئے ہیں۔

پر ا ئیویٹ اسکول ایسو سی ایشن کے مالکان ایک مافیا کی شکل اختیار کر چکے ہیں اور اپنی مرضی سے 50سے60%اسکول کی فیسوں میں اضافہ کر رہے ہیں جو کہ صوبائی حکومت کی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

حکومت اس کے خلاف سخت ایکشن لے اور بڑھائی گئی فیسوں کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔ تاکہ متوسط طبقے کے لوگ سکون کا سانس لے سکیں۔ سرکاری اسکولز کی کارکردگی ناقص ہونے اور اساتذہ کے غیر حاضر ہونے کی وجہ سے لوگ اپنے بچوں کو پرائیویٹ اسکولز میں پڑھا رہے ہیں اور اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پرائیویٹ اسکولز اپنی فیس میں من مانا اضافہ کر رہے ہیں۔

اگر شہر میں سرکاری اسکولز کا نظا م ٹھیک ہو جائے تو والدین کو پرائیویٹ اسکولز میں بھاری فیس ادا نہیں کرنی پڑے گی ۔ہم سندھ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سرکاری اسکولز کا نظام تعلیم ہنگامی بنیادوں پر درست کیا جائے تاکہ بچوں کی تعلیم کے حوالے سے والدین کی پریشانی کو دور کیا جا سکے۔